شیخوپورہ :شدید گرمی ‘عیدکے 2 روز تفریحی مقامات پر شہریوں کی سرگرمیاں محدود رہیں
شیخوپورہ (نمائندہ نوائے وقت) عید الاضحی کے موقع پر شدید گرمی کے باعث شہری عید اور ٹرو کے روز گھروں تک محدود رہے اور تفریحی مقامات پر شہریوں کی سرگرمیاں خاصی محدود رہیں زیادہ تر افراد نے جانوروں کی قربانی کا فریضہ سرانجام دینے کے بعد گوشت کی تقسیم کا عمل بھی شام کے وقت شروع کیااور اپنے دوست احباب و عزیز و اقارب کے گھروں میں گوشت پہنچایا البتہ عید کے تیسرے روز سہہ پہر کے وقت تیز ہوائیں چلنے سے موسم کچھ دیر کیلئے خوشگوار ہونے پر شہریوں کی بڑی تعداد گھروں سے نکل آئی اورپارکس و تفریح گاہوں کا رخ کیا جہاں شہریوں نے گھروں سے پکا کر لائے گئے مختلف پکوانوں سے لطف اندوز ہونے کے ساتھ پارکس و تفریحی مقامات کی سیر کی اور عید کی خوشیوں کو دوبالا کیا، شہرکے قدیمی پارک کمپنی باغ،تاریخی مقام ہرن مینار کرکٹ اسٹیڈیم جوائے لینڈ سمیت دیگر تفریح گاہوں و پارکس میں رات گئے تک شہریوں کا نہایت رش رہا جن میں مردو خواتین اور بچوں کی کثیر تعداد شامل تھی۔