لاہور میں عیدالاضحی پر بہتر انتظامات
عید الاضحی کے موقع پر جانوروں کی آلائشیں نہروں او رنالوں وغیرہ میں پھینکنے اور نوروں کے سر ی پائے بھوننے کے غیر قانونی کارروبار پردفعہ 144کے تحت پابندی عائد کی گئی۔ عید سے پہلے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں عید الاضحی کے انتظامات اور سکیورٹی کے امور کا جائزہ لیا گیا اور وزیراعلیٰ نے صوبائی،ڈویژنل، ضلعی اور تحصیل لیول کنٹرول رومزکو مزید فعال کرنے کاحکم دیا۔ لاہور میں عملے نے خود گھر گھر جاکر بائیوڈی گریڈ ایبل بیگ میں بند جانوروں کی آلائشیں اٹھائیں۔ پنجاب بھر میں 294 مقامات پر جانوروں کے لیے سیل پوائنٹس قائم کیے گئے۔ مریم نواز نے سکیورٹی انتظامات کے ایس او پیز پر عمل درآمد یقینی بنانے کاحکم دیا اور عید گاہو ں میں گرمی کے پیش نظر مسٹ فین اور پنکھے لگانے کی ہدایت کی۔ علاوہ ازیں، وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ لاؤڈ سپیکر کے غیر قانونی استعمال اور اسلحہ نمائش پر پابندی یقینی بنائی جائے۔ مریم نواز نے عیدالضحیٰ کے تینوں روز مثالی انتظامات کر کے شہباز شریف کی وزارتِ اعلیٰ کے دور کی یاد تازہ کردی اور اپنے چچا کی طرح وہ خود ساری صورتحال کی نگرانی کرتی رہیں۔ جہاں تک لاؤڈسپیکر کے غیرقانونی استعمال اور اسلحے کی نمائش پر پابندی کی بات ہے تو یہ دو معاملات سنجیدہ اور ٹھوس اقدامات کے متقاضی ہیں کیونکہ پابندی کا حکم تو پہلے سے موجود ہے لیکن اس پر ٹھیک طریقے سے عمل درآمد نہیں ہورہا جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ حکومت کو اس سلسلے میں ان پولیس اہلکاروں اور افسران کے خلاف کارروائی کرنا ہوگی جن کی چھتر چھایا میں ایسے کام ہوتے ہیں۔ بہرحال، مریم نواز بطور وزیراعلیٰ پنجاب گڈگورننس کی اچھی مثال قائم کر رہی ہیں اور انھیں اس سلسلے کو یونہی آگے بڑھانا چاہیے۔