وزیراعظم کے علاقائی قیادت سے ٹیلیفونک رابطے
وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان، بحرین کے شاہ حمد بن عیسیٰ، آذربائیجان کے صدر الہام علی یوف اور تاجکستان کے صدر امام علی رحمان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ رابطے کے دوران شہباز شریف اور شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ نے دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے، اقتصادی تعاون بڑھانے اور علاقائی امن و سلامتی کو فروغ دینے کی غرض سے مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم اور تاجکستان کے صدر کے درمیان بھی ٹیلیفونک رابطے میں شہباز شریف نے دونوں ممالک میں امن، خوشحالی اور ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کی مثبت رفتار پر اطمینان کا اظہار کیا اور تجارت، توانائی اور رابطوں کے ذریعے تعلقات کو بڑھانے کی اپنی مشترکہ خواہش کا اعادہ کیا۔ اسی طرح آذربائیجان کے صدر سے وزیراعظم کی بات چیت کے دوران دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات بالخصوص تجارت، دفاع اور توانائی کے شعبے میں حالیہ پیش رفت کا جائزہ لیا۔ شہباز شریف اور رجب طیب اردوان سے بھی ٹیلیفونک رابطہ ہوا جس کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، دفاع اور دیگر شعبوں میں تعاون مزید مضبوط کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ دونوں رہنماؤں نے فلسطین بالخصوص غزہ کی موجودہ صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔ یہ ایک خوش آئند بات ہے کہ شہباز شریف مختلف ملکوں کی قیادت کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے پر توجہ دے رہے ہیں۔ پاکستان کو صرف معیشت کی بہتری کے لیے ہی نہیں بلکہ مقبوضہ کشمیر سمیت کئی اہم معاملات کے لیے بھی دوست ممالک کے تعاون کی ضرورت ہے۔ تجارت اور سرمایہ کاری کے لیے علاقائی اور عالمی امن کی سازگار فضا ضروری ہے اور اس سلسلے میں وزیراعظم کے علاقائی اور عالمی قیادت سے روابط بار آور ہو سکتے ہیں۔ اس حوالے سے شہباز شریف کو اس امر پر بھی توجہ دینا ہوگی کہ ملک کے اندر ایک ایسا نظام وضع کیا جائے جس کی مدد سے دوست ممالک کے تعاون کے سلسلے میں پیدا ہونے والی رکاوٹوں کو دور کیا جاسکے تاکہ وزیراعظم کی کوششوں سے صحیح معنوں میں فائدہ اٹھایا جاسکے۔