جانوروں کی آلائشوں کے ڈھیر، حکومتی نااہلی
سیاستدانوں کی عیدیں بھی سیاسی ہی ہوتی ہیں اسی طرح وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے عیدالاضحٰی اپنے آبائی علاقے بیکڑ ضلع ڈیرہ بگٹی میں منائی جہاں انہوں نے مقامی لوگوں کے ہمراہ عید کی نماز بیکڑ کی مرکزی عید گاہ میں ادا کی وزیر اعلیٰ بلوچستان نے ملک و قوم کی سلامتی خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی نماز عید اور قربانی کے بعد وزیر اعلٰی میر سرفراز بگٹی عوام سے عید ملے جہاں لوگوں کی ایک بڑی تعداد نے وزیر اعلیٰ سے ملاقات کی اور عید کی مبارکباد دی وزیر اعلٰی بلوچستان لوگوں میں گھل مل گئے اور بزرگ افراد اور تمام طبقات کے لوگوں سے عید ملے ، نماز عید کے بعد وزیر اعلٰی کی رہائش گاہ پاکستان ہاؤس بیکڑ کے دروازے عوام کے لئے کھول دئیے گئے جہاں ہر خاص و عام شخص نے وزیر اعلیٰ سے مصافحہ کیا عید کی مبارکباد دی اور اپنے مسائل سے آگاہ کیا، وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے بزرگوں کو گلے سے لگایا نوجوان، محنت کش افراد اور تمام طبقہ فکر کے لوگوں سے شفقت سے پیش آئے اور ان کے مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔عیدالاضحی کے دوسرے روز بھی وزیر اعلی نے عوامی ملاقاتوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
عیدالاضحی کے موقع پر کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر میں شہریوں کی جانب سے جہاں قربانی کا سلسلہ جاری رہا تو وہاں ایک بار پھر حکومتی نااہلی کھل کر سامنے آگئی کیو نکہ حکومت کی جانب سے قربانی کے جانوروں کی آلائشیں جمع کرنے کا کوئی واضح پلان اور حکمت عملی سامنے نہیں آسکی جسکی وجہ سے قربانی کے جانوروں کی الائشوں کے ڈھیر لگ گئے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا اور اسی صورتحال کے پیش نظر گورنر بلوچستان بھی مداخلت کرنے پر مجبور ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفرخان مندوخیل نے سرکاری محکموں کوخصوصی ہدایت کی کہ آلائیشوں کو بروقت ٹھکانے لگانے، عوامی مقامات پر صفائی ستھرائی کا خصوصی انتظام کرنے اور کچروں کے ڈھیر سے تعفن پھیلنے کی روک تھام کیلئے ٹھوس عملی اقدامات کریں. اپنے ایک بیان میں گورنر بلوچستان نے کہا کہ عید الاضحیٰ کے موقع پر جانوروں کی قربانی کے باعث صوبائی دارالحکومت کوئٹہ شہر اور اس کے مضافات میں آلائشوں کے ڈھیر لگ چکے ہیں۔
سخت تعفن سے گلیوں میں پھرنے والے چھوٹے بچوں کو بیماریاں لگنے کے خدشات بڑھ چکے ہیں، جگہ جگہ گندگی کے ڈھیر اور آلائشوں کو بروقت نہ اٹھانے کی وجہ سے مختلف بیماریاں پھیل جائیں گی لہٰذا ضروری ہے کہ کوئٹہ سمیت ہر ڈسٹرکٹ کی سطح پر بالخصوص شہری علاقوں میں کچروں کے کلیکشن پوائنٹس کا اہتمام کرنے اور آلائشوں کو بروقت ہٹانے کیلئے فوری طور پر اقدامات اٹھائے جائیں اس حوالے سے کوئی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی گورنر بلوچستان نے عوام پر زور دیا کہ صفائی ستھرائی کی صورتحال کو بہتر بنانے کیلئے حکومتی اقدامات میں تعاون فراہم کریں بصورت دیگر متعدد امراض پھوٹنے کے خدشات بڑھ جائیں گے۔ قارئین بلوچستان عوام کی بدقسمتی ہے کہ انہیں حکمرانوں کی نااہلی کی وجہ سے ہی مسائل کا سامنا رہا ہے مہنگائی بجلی کی لوڈشیڈنگ سیلاب قدرتی آفات میں جب عوام حکمرانوں کی جانب دیکھ رہی ہوتی ہے تو انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑتا ہے گڈ گورننس کے دعوے شرمندہ تعبیر نہیں ہو رہے کھوکھلے نعرے اور جھوٹے دعووں سے بلوچ عوام کو کب تک بہلایا جاتا رہے گا یہ وہ سوال ہے جسکا جواب بلوچستان حکومت کو دینا ہے۔دوسری جانب وزیر اعلی بلو چستان کی جانب سے بجٹ میں عوام کو ریلیف دینے کا دعوی کیا جارہا ہے لیکن جو ریلیف عیدالاضحی پر نہیں دیا جاسکا وہ بجٹ میں دیا جا سکے گا۔تاہم وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بجٹ ان شااللہ عوام دوست ہوگا۔