تنگ نظری سے بالا ہوکر امت کے اتحاد کی کوشش کرنا ناگزیر ہو چکا: ساجد میر
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے سربراہ سینیٹر پروفیسر ساجد میر نے کہا ہے امت کی زبوں حالی پر ہر مسلمان پریشان اور دل گرفتہ ہے۔ امت مسلمہ کا زوال باہمی انتشار و افتراق کا نتیجہ ہے۔ آزمائشوں اور ابتلاؤں کامقابلہ کرنا انبیاء کرام علیہ السلام کی سنت ہے۔ غیر اللہ سے امید یں وابستہ کرنا چھوڑدیں، یہی اسوہ ابراہیمی علیہ السلام اور اسوہ محمد مصطفیؐہے۔ یہ بات انہوں نے جامعہ ابراہمیہ میں عیدکے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ ان کاکہنا تھا کہ آج اسلام کو اندرونی اور بیرونی دونوں دشمنوں کا سامنا ہے۔ تنگ نظری سے بالا تر ہو کر امت کے اتحاد اور اتفاق کی کو شش کرنا ناگزیر ہو چکا ہے۔ بے حسی کی وجہ سے مسلم امہ بھی فلسطینیوں کی مجرم ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح فلسطینیوں کا ساتھ دینا چاہیے تھا نہیں دیا گیا۔