جوبائیڈن کا امریکی شہریوں سے شادی کرنے والے غیر قانونی تارکین کو شہریت دینے کا اعلان
نیو یارک (نوائے وقت رپورٹ) وائس آف امریکا کی رپورٹ کے مطابق صدر جوبائیڈن نے امریکی شہریوں سے شادی کرنے والے غیر قانونی تارکین وطن کو شہریت دینے کا اعلان کر دیا۔ امیگریشن کی یہ نئی پالیسی امریکی شہریوں کو غیر قانونی طور پر امریکا میں مقیم شریک حیات کیلئے مستقل رہائش یا گرین کارڈ کیلئے درخواست کو آسان بنائے گی۔ اس اقدام سے تقریباً پانچ لاکھ جوڑوں اور ایسے 50 ہزار بچوں کو فائدہ ہو گا جن کے والدین نے کسی امریکی شہری سے شادی کی ہو۔ وائٹ ہاؤس کی فیکٹ شیٹ کے مطابق اس پالیسی سے استفادہ کرنے کا اہل ہونے کیلئے کسی بھی تارکین وطن کیلئے ضروری ہے کہ وہ 10 یا اس سے زیادہ سال سے امریکا میں مقیم ہو اور سترہ جون 24ء تک اس کی شادی قانونی طور پر کسی امریکی شہری سے ہو چکی ہو۔ ڈیپارٹمنٹ آف ہوم لینڈ سکیورٹی کی طرف سے تارکین وطن کی درخواست کے جائزے کے بعد منظور شدہ افراد کے پاس مستقل رہائش کیلئے درخواست دینے کیلئے تین سال کا وقت ہو گا۔