فیصل آباد: نوجوان کے اغواء کا معاملہ، کچے کے ڈاکوؤں نے تیسری ویڈیو جاری کر دی
فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) کچے کے ڈاکوؤں کے ہاتھوں نوجوان کے اغواء ہونے کا معاملہ، ڈاکوؤں نے عید پر مغوی سجاد کی تیسری ویڈیو جاری کر دی۔ تفصیل کے مطابق 106 ج ب کے رہائشی تینتیس سالہ سجاد علی بیگ ولد عبدالولی کو رواں سال 4 مارچ کو دھنولہ بائی پاس سے کچے کے ڈاکوئوں نے اغوا کر لیا تھا، سجاد کے اغوا کا مقدمہ تھانہ ملت ٹاؤن میں درج تو ہے مگر ملت ٹاؤن پولیس نے مغوی کی رہائی کے لیے تاحال کوئی لائحہ عمل طے نہیں کیا جبکہ کچے کے ڈاکوئوں نے مغوی سجاد کی رہائی کے عوض پچاس لاکھ روپے تاوان کا مطالبہ کیا تھا، سجاد کے ریٹائر سکول ٹیچر والد عبدالولی کا کہنا ہے وہ غریب آدمی ہے اور تاوان کی رقم ادا نہیں کر سکتا، کچے کے ڈاکوئوں نے عید الاضحیٰ کے موقع پر مغوی سجاد کی تیسری ویڈیو جاری کر دی ہے جبکہ مغوی سجاد کی طبیعت انتہائی ناساز ہونے پر ڈاکوؤں نے تاوان کی رقم کم کر دی، ڈاکوئوں نے مطالبہ کیا ہے کہ اگر اہل خانہ پچاس لاکھ نہیں دے سکتے تو پندرہ لاکھ دے کر اس کو لے جائیں۔