مسلمانوں نے ووٹ دیا نہ ان کا کوئی کام کروں گا: بھارتی رکن پارلیمنٹ
نئی دہلی(این این آئی) بھارتی ریاست بہار کے علاقے سیتامڑھی سے جنتا دل (یونائیٹڈ)کے نومنتخب رکن پارلیمنٹ دیویش چندر ٹھاکر نے کہا ہے کہ مسلمانوں اور یادوئوں نے انہیں انتخابات میں ووٹ نہیں دیا، اس لئے وہ ان کے لیے کوئی کام نہیں کریں گے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سیتامڑھی میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ٹھاکر نے کہا کہ یادو اور مسلمانوں نے انہیں انتخاب میں ووٹ نہیں دیا۔ ٹھاکر نے سیتامڑھی پارلیمانی حلقے سے آر جے ڈی کے ارجن رائے کو شکست دی تھی جو یادو کمیونٹی سے تعلق رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان اور یادو ہمارے یہاں آتے ہیں تو ان کا استقبال ہے۔ چائے پیئیں، مٹھائی کھائیں۔ لیکن کسی مدد کی امید نہ رکھیں، میں ان کے لیے کوئی کام نہیں کروں گا۔