مقبوضہ کشمیر: عید پر بھی چھاپے، تلاشی کارروائیاں، نوجوان شہید، مودی کے دورے کیخلاف ہڑتال کا اعلان
سرینگر(کے پی آئی ) مقبوضہ جموں و کشمیرمیں کشمیری مسلمانوںنے مسلسل چھاپوں اور محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں کے دوران وحشیانہ فوجی محاصرے میں عید الاضحی منائی۔ بھارتی فوجیوں نے ضلع بانڈی پورہ کے علاقے آراگام میں ایک پرتشددکارروائی کے دوران ایک اور کشمیری نوجوان کو جعلی مقابلے میں شہید کر دیا۔مودی کی بھارتی حکومت نے اپنی مسلم دشمن پالیسیاں جاری رکھتے ہوئے کشمیریوں کو سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور عید گاہ میں نماز عیدادا کرنے کی اجازت نہیں دی،کے پی آئی کے مطابق بانڈی پورہ میں نوجوان کو بھارتی فوجیوں اورپیراملٹری اہلکاروں نے ضلع کے علاقے اراگام میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائی کے دوران ایک جعلی مقابلے میں شہید کیا ۔ادھر بھارتی فوجیوں ، پیراملٹری فورسز اور پولیس اہلکاروں نے مقبوضہ علاقے کے کپواڑہ، ڈوڈہ، ریاسی، کٹھوعہ، سانبہ، راجوری اور پونچھ اضلاع کے مختلف دیہات، قصبوں اور دیگر علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔ دوسری جانب کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے دورے کیخلاف21 جون بروز جمعہ علاقے میں مکمل ہڑتال کی کال دی ہے۔ ہڑتال کا اعلان کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈوکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں ایک بیان میں کیا۔انہوںنے کہا کہ ہڑتال کا مقصد بھارت کو یہ واضح پیغام دینا ہے کہ جموںوکشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ خطہ ہے اور کشمیری غیر قانونی بھارتی تسلط کے خاتمے تک اپنی جدوجہد ہر قیمت پر جاری رکھیں گے۔ قابض حکام کی جانب سے سرینگر کی تاریخی جامع مسجد اور عیدگاہ میں عیدالاضحی کی نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دینے کی مذمت کرتے ہوئے اسے ہندوتوا بی جے پی حکومت کی طرف سے مذہبی آزادیوں پر جاری حملوں کی ایک اور مثال قرار دیا جو انسانی حقوق کے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔