وزیراعلیٰ مریم نواز نے صفائی ستھرائی کا ڈائمنڈ سٹینڈرڈ سیٹ کیا: عظمیٰ بخاری
لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ صوبہ پنجاب کی تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے عید کے ایام میں صفائی ستھرائی، جانوروں کی آلائشوں کو بروقت اٹھانے اور شاہراہوں و گلیوں کو فنائل اور عرق گلاب سے دھونے کے حوالے سے ڈائمنڈ سٹینڈرڈ کو سیٹ کیا ہے۔ صوبہ بھر میں 18لاکھ 17ہزار بڑے اور چھوٹے جانوروں کی قربانی کی گئی جبکہ جانوروں کی باقیات، آلائشوں کو بیگز میں ڈالنے کے لیے شہریوں میں 32لاکھ ماحول دوست بیگز تقسیم کیے گئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈی جی پی آر میں پریس کانفرنس کے دوران کیا۔ عظمی بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف خود صوبہ بھر میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے متحرک رہیں اور آلائشوں کو بروقت مقررہ ڈمپنگ سائٹ پر پہنچانے کے حوالے سے لمحہ بہ لمحہ رپورٹ لیتی رہیں۔ صوبہ بھر میں 5665پرائمری کولیکشن سنٹرز بنائے گئے تھے اور جانوروں کی آلائشوں کو اٹھانے اور صفائی ستھرائی کو یقینی بنانے کیلئے 54ہزار ورک فورس کو مختلف پوائنٹس پر ڈیوٹیاں تفویض کی گئیں۔ جانوروں کی آلائشوں و باقیات کو اٹھانے کے لیے 11918ہلکی و بھاری مشینری کا استعمال کیا گیا جبکہ عید کے پہلے دو دنوں میں 1لاکھ 41ہزار ٹن جانوروں کی باقیات، آلائشوں اور کوڑا کو گلی، محلوں اور شاہراہوں سے اٹھا کر ڈمپنگ سائیڈ پر منتقل کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبہ میں صفائی ستھرائی کے حوالے سے کام کرکے دکھایا ہے جبکہ اس سے قبل تعفن زدہ حکومت نے پنجاب میں گند ڈالا تھا جس کو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صاف کروایا ہے۔ عید کے ایام میں صوبائی وزراء بھی متحرک رہے اور صوبائی وزیر بلدیات، ویسٹ مینجمنٹ کمپنیوں اورمیونسپل کمیٹیوں نے عید کے ایام میں 45ڈگری درجہ حرارت کے گرم موسم میں بہترین کام کیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے ویسٹ مینجمنٹ کے اہلکاروں، لوکل گورنمنٹ کی ٹیم اور ایل ڈبلیو ایم سی کے عملہ کو خراج تحسین پیش کیا ہے اور ان کے لیے انعام کا اعلان بھی کیا ہے۔ پہلی مرتبہ سیف سٹی کے کیمروں کی مدد سے شہر میں صفائی ستھرائی کے عمل کی مانیٹرنگ کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ بھر کی مویشی منڈیوں میں سٹیٹ آف دی آرٹ انتظامات کیے گئے اورکسی بھی مویشی منڈی میں مویشی چوری ہونے کا کوئی واقعہ رپورٹ نہیں ہوا۔ عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ کے پی کے اور مشیر اطلاعات کے پی کے کو مشورہ دیا کہ وہ تنقید کرنے کی بجائے اپنے صوبے کا کوڑا اٹھوائیں۔ خیبر پختونخواہ کے لوگوں کا کوئی قصور نہیں ہے۔ تمام میڈیا ورکرز اور کیمرہ مینوں کو نئی صحافی کالونی میں پلاٹس دیں گے جبکہ صحافی کالونی کے ایف بلاک کے مسئلے کو بھی جلد حل کیا جا رہا ہے۔