لاہور سمیت کئی شہروں میں بارش، گرمی کی شدت کم، موسم خوشگوار، نشیبی علاقے زیر آب
لاہور؍ کمالیہ (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) پنجاب کے کئی شہروں میں باران رحمت سے گرمی کی شدت میں کمی ہوئی اور موسم خوشگوار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق صوبائی دارالحکومت میں بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا۔ مال روڈ، جیل روڈ اور شادمان و شہر دیگر کے علاقوں میں بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔ چہرے کھل اٹھے۔ شہر میں بارش کے بعد ڈی سی لاہور رافعہ حیدر نے تمام متعلقہ اداروں کو الرٹ جاری کر دیا۔ لاہور شہر میں مختلف مقامات پر ہلکی بارش کے باعث وائس چیئرمین واسا چودھری شہباز احمد نے بھی ہدایات جاری کر دیں۔ ایم ڈی واسا غفران احمد کی ہدایات کے مطابق تمام سٹاف و مشینری مکمل الرٹ رہیں۔ تمام جنریٹرز کو سٹینڈ بائی اور فعال رکھا جائے۔ تمام ڈسپوزل سٹیشنز کی سکرینوں کو مکمل صاف رکھنے کی ہدایات بھی کی گئی ہیں۔ ادھر حافظ آباد میں بھی تیز بارش نے موسم خوشگوار کر دیا۔ گرمی کے ستائے شہریوں نے سکھ کا سانس لیا ہے۔ دوسری جانب پشاور میں بھی بادل برسنے سے پارہ نیچے آ گیا جبکہ سندھ میں گرمی کا راج برقرار ہے۔ دادو میں پارہ 47، موہنجو داڑو میں 46 ، سکھر میں 44 ڈگری سینٹی گریڈ تک جانے کا امکان ہے۔ دریں اثناء کمالیہ شہر اور مضافات میں موسلا دھار بارش ہوئی۔ نشیبی علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا اور تیز بارش اور ہوا کے باعث بجلی کے فیڈرز ٹرپ ہونے سے شہر بھر میں بجلی کی فراہمی معطل ہو گئی۔ چیف میٹرولوجسٹ لاہور شاہد عباس نے مون سون میں معمول سے زیادہ بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو میں چیف میٹرولوجسٹ شاہد عباس نے کہا کہ مون سون بارشیں جون کے آخر سے شروع ہوں گی اور اس دوران معمول سے زیادہ بارشیں ہوں گی۔ موسمیاتی ماہرین نے کراچی میں جولائی کے اوائل سے ہی مون سون بارشوں کے شروع ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ پاکستان میں مون سون کا آغاز 27 جون سے 4 جولائی کے درمیان ہو سکتا ہے اور رواں سال کراچی سمیت جنوبی سندھ میں معمول سے زائد بارشوں کا امکان ہے تاہم یہ طویل دورانیے کی پیشگوئی ہے جس میں تبدیلی ممکن ہے۔