عید کے بعد پہلا کاروباری روز، سٹاک مارکیٹ میں نیا ریکارڈ، انڈیکس 78800 پر بند
کراچی (کامرس رپورٹر) عید کی چھٹیوں کے بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں جمعرات کو زبردست تیزی کا رجحان رہا اور بینچ مارک کے ایس ای-100 انڈیکس 2094 پوائنٹس اضافے کے بعد نئی بلند ترین سطح 78800 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ تفصیلات کے مطابق عید کی تعطیلات کے بعد جمعرات کو پاکستان سٹاک ایکس چینج میں کاروبار ابتدا سے اختتام تک مثبت زون میں رہا اور سرمایہ کاروں کی جانب سے پاور، بینکنگ، ٹیلی کام اور دیگر سرگرم کمپنیوں کے شیئرز میں بھرپور خریداری دیکھی گئی جس کی وجہ سے کے ایس ای-100 انڈیکس 2094 پوائنٹس یا 2.73 فیصد اضافے کے بعد 78 ہزار 801 پر پہنچ گیا جو عید سے قبل آخری کاروباری روز 76 ہزار 706 پر بند ہوا تھا۔ جمعرات کو کاروباری حجم گزشتہ کاروباری روز جمعہ کی نسبت 14.33فیصد زائد رہا جبکہ کاروبار میں تیزی کے سبب مارکیٹ کے مجموعی سرمائے میں 2 کھرب 43 ارب روپے سے زائد کا اضافہ ہوا۔ ماہرین سٹاک کے مطابق مارکیٹ میں مثبت رجحان جاری ہے اس کی وجہ نئے بجٹ سے آئی ایم ایف کے ساتھ نئے بیل آؤٹ پیکیج ملنے کی امیدیں ہیں۔ ماہرین نے کہا کہ عید کی تعطیلات کے دوران اچھی خبریں دیکھنے کو ملیں، جس میں فِچ کی جانب سے افراط زر کے نقطہ نظر اور صنعتوں کے لیے بجلی کے نرخوں میں مجوزہ کمی شامل ہے۔ جمعرات کو کاروبار میں تیزی سے ایک موقع پر انڈیکس 78890پوائنٹس کی سطح پر پہنچا لیکن کاروبارکے اختتام پر کے ایس ای100انڈیکس میں 2094.76پوائنٹس کے اضافے سے78801.53پوائنٹس پر بند ہوا۔ اسی طرح 739.54پوائنٹس بڑھ کر کے ایس ای 30انڈیکس 25437.99 پوائنٹس پر پہنچ گیا۔ کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 1164.73پوائنٹس کی تیزی سے 49875.71پوائنٹس ہو گیا جبکہ کے ایم آئی 30انڈیکس 1445.51پوائنٹس بڑھ کر 127180.90 پوائنٹس پر بند ہوا۔ کاروباری تیزی سے مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ 2کھرب 43 ارب 37کروڑ 4لاکھ 80ہزار 668روپے بڑھ کر 104کھرب 21ارب 60کروڑ 77لاکھ 45ہزار 711روپے پر پہنچ گیا۔ دریں اثنا انٹربینک اور مقامی کرنسی مارکیٹ میں جمعرات کو ڈالر کی قیمت میں تیزی رہی۔ انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 10 پیسے بڑھ کر 278.70روپے اور اوپن کرنسی مارکیٹ میں امریکی ڈالر 12پیسے بڑھ کر 280.32 روپے ہوگیا۔ یورو کی قیمت فروخت 1.46روپیہ بڑھ کر 297.55روپے ہوگئی جبکہ برطانوی پاؤنڈ 1.16روپے بڑھ کر 352.33 روپے ہو گیا۔ سعودی ریال21 پیسے کی تیزی سے 73.70 روپے اور یو اے ای درہم 6 پیسہ بڑھ کر 75.62روپے پر بند ہوا۔ عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتوں میں اضافے کے باوجود مقامی صرافہ مارکیٹ میں سونے کی قیمت مستحکم رہیں۔ سپریم کونسل اور جیولرز ایسوسی ایشن کے مطابق جمعرات کو عالمی مارکیٹ میں سونا 3 ڈالر کے اضافہ سے 2335 ڈالر فی اونس پر ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ مقامی صرافہ مارکیٹ میں تولہ سونا 2 لاکھ 41 ہزار 300 روپے پر مستحکم رہی۔