آئی ایم ایف اہداف کا حصول ، خیبر پی کے حکومت نے2 مطالبات وفاق کے سامنے رکھ دیئے
پشاور(آئی این پی)خیبرپختونخوا کے مشیر خزانہ مزمل اسلم نے آئی ایم ایف اہداف کے حصول کیلئے وفاقی حکومت کے سامنے صوبے کے 2مطالبات رکھ دیے۔ مشیر خزانہ مزمل اسلم نے کہا کہ کے پی حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف اہداف حاصل کرنے کیلئے وفاق 2کام کرے، وفاق کو 158.14ارب روپے پن بجلی اور ونڈ فال لیوی جب کہ 144.6ارب روپے ضم اضلاع کی مد میں جاری کرنے ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ 2سال میں ضم اضلاع کے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 60فیصد اضافہ ہوا، وفاق نے ضم اضلاع کے ملازمین کی تنخواہوں کیلئے66ارب روپے رکھے جو ناکافی ہیں۔مشیر خزانہ کا کہنا تھا کہ وفاق سستی بجلی کے واجبات بھی ادا نہیں کررہا، صوبہ ایک طرف واجبات کی عدم ادائیگی اور دوسری طرف بدترین لوڈشیڈنگ کا شکار ہے۔