• news

پاکستان، چین دوستی سیاست سے بالا، بہت سی طاقتوں کو ہضم نہیں ہو رہی: عطا تارڑ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاک چین دوستی لازوال اور پائیدار ہے۔ پاک چین دوستی سیاست سے بالا ہے لیکن بہت سی طاقتوں کو پاک چین دوستی ہضم نہیں ہو رہی۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ چین کا اعلیٰ سطح کا وفد پاکستان پہنچ رہا ہے۔ دورے میں وفد پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) سے متعلق بات چیت کرے گا۔ چین کے وزیر پاکستان کی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ پاکستانی نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار اور چینی وزیر اجلاس کی مشترکہ صدارت کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ ہم ترقی کے اہداف کی جانب بڑھ رہے ہیں۔ حکومت سنجیدگی سے معیشت کو بہتری کی طرف لے کر جا رہی ہے اور آنے والے دنوں میں پاکستانی معیشت کے لئے اچھی خبریں ہیں۔ عطا تارڑ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چین کا کامیاب دورہ کیا۔ وزیراعظم کے دورہ چین میں دوطرفہ دوستی اور سی پیک آگے بڑھانے پر بات ہوئی۔ چین نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی جو خوش آئند ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ عوام کو سہولت دینے سے متعلق ہمیں ایک پیج پر ہونا چاہئے۔ ایک کمیٹی بنی ہے اس میں بیٹھ کر معاملات کو حل کرنا چاہئے۔ وزیراعظم نے چینی شہریوں کی سکیورٹی پر توجہ دی ہے۔ پاکستان سلامتی کونسل کا رکن منتخب ہوا۔ دنیا پاکستان پر اعتماد کر رہی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن