وزیر تعلیم کی زیر صدارت اجلاس ،چاروں تعلیمی محکموں کی کارکردگی پر مفصل بریفنگ
لاہور(لیڈی رپورٹر) وزیر تعلیم رانا سکندر حیات کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ایڈوائزری کمیٹی فار ایجوکیشن کا اجلاس ہوا جس میں کمیٹی اراکین کے علاوہ سکول ایجوکیشن، ہائیر ایجوکیشن، سپیشل ایجوکیشن اور نان فارمل ایجوکیشن کے سیکرٹریز سمیت دیگر اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیر تعلیم کو چاروں تعلیمی محکموں کی 100 روزہ کارکردگی پر مفصل بریفنگ دی گئی۔ رانا سکندر حیات نے مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے افسران کی تحسین کی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کے ویژن کے مطابق کارکردگی تسلی بخش ہے۔ گذشتہ 3 ماہ میں ہم نے تعلیمی اصلاحات کے ضمن میں ریکارڈ اقدامات اٹھائے۔ طلباء میں لیڈرشپ کی صلاحیتوں کی پرورش کیلئے پہلی مرتبہ سٹوڈنٹ کونسل کے الیکشن کروائے گئے۔ بوٹی مافیا کا جال توڑا۔ ٹرانس جینڈرز کیلئے ڈویژنل سطح پر سکولز قائم کئے جا رہے ہیں۔ ورکنگ چلڈرن کیلئے سکولوں کا سیٹ اپ بنایا جا رہا ہے۔ سکولوں کی ترقی کیلئے سکول مینجمنٹ کو با اختیار بنایا گیا ہے۔ طلبہ کو ٹیکنالوجی سکھانے کیلئے 100 سے زائد سکولوں میں فنی کورسز بھی شروع کروائے جا رہے ہیں۔