لاہور پولیس نے عید الاضحی کے تینوں دن بہترین سکیورٹی فراہم کی : سی سی پی او
لاہور(نامہ نگار)سربراہ لاہور پولیس ایڈیشنل آئی جی بلال صدیق کمیانہ کی ہدایت پر عیدالاضحی کے موقع پر شہر بھرمیں سکیورٹی ہائی الرٹ رہی۔لاہور پولیس کی جانب سے عید الاضحی کے تینوں دن شہریوں کو بہترین سکیورٹی فراہم کی گئی،سینئر پولیس افسران ہمہ وقت فیلڈ میں موجود رہ کر سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔یہ بات ترجمان لاہور پولیس نے یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ترجمان نے بتایا کہ عیدالاضحی پر دفعہ 144کی خلاف ورزی پر لاہور پولیس کی جانب سے 119مقدمات درج کئے گئے جبکہ قربانی کی کھالیں اکٹھی کرنے اور لاؤڈسپیکر ایکٹ کے حوالے سے بھی محکمہ داخلہ کے ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا گیا۔سربراہ لاہور پولیس بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ مساجد، امامگ بارگاہوں، نمازِ عید کے اجتماعات، مویشی منڈیوں، مارکیٹوں، پارکوں اور تفریحی مقامات کو بھرپور سکیورٹی فراہم کی گئی۔شہریوں، سول سوسائٹی اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کی جانب سے لاہور پولیس کے انتظامات کو سراہا گیا۔