سپریم کورٹ تقرر، جسٹس ملک شہزاد خان، جسٹس شاہد بلال کے اعزاز میں الوداعی تقریب
لاہور (خبر نگار) چیف جسٹس ہائیکورٹ جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شاہد بلال حسن کی سپریم کورٹ تعیناتی پر لاہور ہائیکورٹ میں ان کے اعزاز میں رسمی الوداعی تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں جسٹس شجاعت علی خان، جسٹس علی باقر نجفی اور جسٹس مس عالیہ نیلم سمیت لاہور ہائیکورٹ پرنسپل سیٹ پر کام کرنے والے تمام ججز نے شرکت کی۔ جبکہ لاہور ہائیکورٹ علاقائی بنچز پر فرائض سرانجام دینے والے ججز نے ویڈیو لنک شرکت کی۔ چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شاہد بلال حسن کو گلدستہ دے کر رخصت کیا گیا۔ چیف جسٹس ملک شہزاد احمد خان اور جسٹس شاہد بلال حسن تمام ججز، لاہور ہائیکورٹ افسروں اور سٹاف سے فرداً فرداً ملے۔ اس موقع پر رجسٹرار ہائیکورٹ عبدالرشید عابد، ڈی جی کیس مینجمنٹ تنویر اکبر اور سیشن جج ہیومن ریسورس ساجد علی اعوان سمیت لاہور ہائیکورٹ کے تمام افسر اور سٹاف ارکان بھی موجود تھے۔