علی امین گنڈاپور اپنے لیڈر کے نقش قدم پر چل رہے، سردار سلیم حیدر
حسن ابدال(نمائندہ نوائے وقت)وزیر اعلی کے پی،علی امین گنڈاپور اپنے لیڈر کے نقش قدم پر چل رہے ہیں،ان کے مولا جٹ والے رویے سے ملک کا نقصان ہو رہا ہے۔وزیر اعلی کے پی،ایک صوبے کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ان کیساتھ ایسا رویہ نہیں جچتا۔ان خیالات کا اظہار گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پیپلز پارٹی حسن ابدال کے بانی رکن ڈاکٹر سکندر حیات خان کی رہائش گاہ آمد کے موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کے دوران کیا۔ گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر کا کہنا تھا مشکل حالات میں پہلے بجٹ پر سخت فیصلے حکومت کی مجبوری تھی۔امید ہے حکومت کو موقع ملا تو آئندہ سالوں کے بجٹ اس سال کی نسبت بہت بہتر ہونگے۔بجٹ پر پیپلز پارٹی کے تحفظات سے متعلق سوال پر گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ حکومت اپنے اور پیپلز پارٹی کے درمیان ابھی تک ورکنگ ریلیشنز کے خلا کو ختم نہیں کر سکی۔جس کو ختم کرنے کے لیے پارٹی قیادت کے ایک دوسرے سے رابطے جاری ہیں۔