• news

عید پر صفائی ہی نہیں کرایوں کی اوور چارجنگ روکنا بھی یقینی بنایا: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) صوبائی وزیر اطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخاری اور وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے کہا ہے کہ عید کے تینوں ایام میں انتھک محنت اور عزم کے ساتھ کام کر کے عوام کو متعفن ماحول سے محفوظ رکھا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت کا یہ کرشمہ سب نے اپنی آنکھوں کے ساتھ دیکھا۔ عید کے دنوں میں پنجاب بھر سے 18 لاکھ ٹن آلائشیں اٹھائی گئیں اور 55 ہزار سے زائد سینٹری ورکرز مسلسل متحرک رہے۔ ڈی جی پی آر میں عید صفائی آپریشنز کے حوالے سے مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے  وزیر اطلاعات عظمیٰ زاہد بخاری نے کہا کہ  عید کے دنوں میں صرف صفائی پر توجہ نہیں دی گئی بلکہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوورچارجنگ کی روک تھام بھی یقینی بنائی گئی۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کے حکام اور متعلقہ ضلعی انتظامیہ نے صوبہ بھر میں مسافروں کو اضافی وصول کئے گئے 14لاکھ 67 ہزار روپے واپس کرائے۔ اوورچارجنگ پر 27 لاکھ 85 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ 1448 گاڑیوں کے چالان ہوئے اور 9 افراد کے خلاف مقدمات درج کئے گئے۔ خیبرپی کے  کے وزیراعلیٰ کو ٹارزن یا مولا جٹ بن کر گرڈ سٹیشن میں بجلی بند کرنے کی بجائے صوبے میں بجلی چوری کی روک تھام کے اقدامات کرنے چاہئیں۔ ایک سوال پر صوبائی وزیر نے کہا کہ احتجاج کرنا نرسوں کا حق ہے تاہم غلط انجکیشن سے معصوم بچوں کی ہلاکت کو بھی نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ کسی کی غفلت سے اگر کسی کی جان چلی جائے تو اسے برداشت نہیں کیا جا سکتا ہے۔ پریس کانفرنس کے دوران وزیر بلدیات ذیشان رفیق نے عید آپریشنز کی تفصیل بتاتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کے ’’ستھرا پنجاب‘‘ ویژن کے مطابق پورے صوبے میں عیدالاضحیٰ کے موقع پر تاریخی کام کیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن