• news

وزیراعلیٰ سندھ  نے سمارٹ سرویلنس منصوبے کا افتتاح کر دیا

کراچی (آئی این پی)وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ جدید ٹیکنالوجی کا استعمال صوبے میں امن وامان کی بحالی میں معاون اور مددگار ثابت ہوگا۔وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ نے سمارٹ سرویلنس منصوبے کے افتتاح کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ آج کی اس تقریب میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت میرے لیے باعث فخر ہے، امن و امان کا قیام پاکستان پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہے، زیادہ سے زیادہ ٹیکنالوجی کا استعمال ہمارے قائد بلاول بھٹوزرداری کے وژن کی عکاسی کرتا ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ حکومت نے ایس 4کے لیے تقریبا 1.5بلین روپے مختص کیے ہیں، سندھ سمارٹ سرویلینس سسٹم ایس4جدید اور ماڈرن ٹیکنیکس کا ایک مجموعہ ہے، سندھ کے تمام  40ٹول پلازہ پر نصب کیمرے چہرے کی شناخت اور آٹومیٹڈ نمبر پلیٹ کی جانچ کی صلاحیت رکھتے ہیں۔سید مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سسٹم میں کیمروں کی لائیو فیڈ ایک سینٹرل کمانڈ اینڈ کنٹرول روم میں موجودسرور کے ذریعہ جائزہ لے گی ، جو چوری شدہ گاڑیوں اور کرمنل ریکارڈ رکھنے والے افراد کا ڈیٹا فوری طور شناخت کرے گا۔ان کاکہنا تھا کہ ٹیکنالوجی کو اپنانا اور اس کا زیادہ سے زیادہ استعمال وقت کی ضرورت ہے، آرٹیفیشل انٹیلی جنس جرائم کے نئے چیلنجزسے نمٹنے میں کلیدی کردار ادا کرے گا، اس نظام کی بدولت پولیس کی مجموعی کارکردگی بڑھے گی اور عوام کا اعتماد بحال ہوگا۔وزیراعلی سندھ نے مزید کہا کہ یہ نہ صرف کرائم کنٹرول بلکہ جرائم کی دنیا سے وابستہ افراد، گروہوں اور انکے کارندوں کو ارتکاب جرم سے قبل روکنے میں بھی مددگار اور معاون ثابت ہوگا۔مراد علی شاہ نے کہا کہ اس سسٹم کی ڈیزائننگ اور تنصیب میں نیشنل ریڈیو ٹرانسمیشن کارپوریشن کا کلیدی کردار ہے، میں اس نظام کی کامیابی پر پوری سندھ پولیس کو مبارکباد دیتا ہوں، امید ہیکہ اس نظام کوجرائم کیخلاف ایک مثرآلے کے طور پر استعمال کر کیاسے مزید مربوط اورمثر بنانیکی کوشش کی جائیگی۔

ای پیپر-دی نیشن