ہر اپ لوڈ کی گئی چیز پر یقین نہ کریں: شاہد آفریدی
لاہور (سپورٹس رپورٹر) اسرائیل کی حامی تنظیم کے عہدیداروں کے ساتھ وائرل تصویر پر سابق کپتان شاہد آفریدی کا ردعمل سامنے آ گیا۔ سوشل میڈیا پر بیان میں شاہد آفریدی نے کہا کہ لوگوں سے درخواست ہے کہ ہر اپ لوڈ کی گئی چیز پر یقین نہ کریں۔ برطانیہ کے شہر مانچسٹر کی ایک گلی میں ٹہلتے ہوئے نام نہاد پرستار سیلفی لینے آئے جن کی بات مانتے ہوئے تصویر کھنچوا لی۔ چند لمحوں بعد اسی تصویر کو صہونیت کی توثیق کی شکل میں اپ لوڈ کر دیا گیا۔ میں پوری دنیا سے تعلق رکھنے والے شائقین کے ساتھ تصویریں کھنچواتا ہوں اور یہ صورتحال بھی مختلف نہیں تھی۔ کسی متنازع تنظیم کی جانب سے شیئر کی گئی تصویر کو میری جانب سے کسی قسم کی حمایت نہیں سمجھا جائے۔ فلسطین میں معصوم جانوں کی تکلیف دیکھ کر دل کو صدمہ پہنچتا ہے۔ میں اس جنگ کے خاتمے اور فلسطینیوں کی آزادی کی دعا کرتا ہوں۔ شاہد آفریدی کی اسرائیل کی حامی متنازع تنظیم کے عہدیداروں کے ساتھ تصویر سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی تھی۔ متنازع تنظیم نے شاہد آفریدی کی تصویر اپ لوڈ کرنے کے ساتھ دعویٰ کیا تھا کہ شاہد آفریدی نے اسرائیلی یرغمالیوں کی رہائی کیلئے احتجاج میں شرکت کی تھی اور ان کے مطالبے کی حمایت کی تھی۔ متنازع تنظیم نے شاہد آفریدی کا شکریہ بھی ادا کیا تھا۔