• news

توشہ خانہ کیس، بانی پی ٹی آئی کی نااہلی کیخلاف درخواست پر سماعت غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی

لاہور(خبرنگار+ نوائے وقت رپورٹ)لاہور ہائیکورٹ کے لارجر بنچ نے سابق وزیر اعظم عمران خان کی توشہ خانہ کیس میں نااہلی کے خلاف دائر درخواست پرسماعت غیر معینہ مدت تک ملتوی کر دی۔ لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کر سربراہی میںپانچ رکنی لارجر بنچ نے بانی پی ٹی آئی کی توشہ خانہ کیس میں نا اہلی کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کی۔ دوران سماعت جسٹس شمس محمود مرزا نے ریمارکس دیئے کہ توشہ خانہ کیس اسلام آباد ہائیکورٹ میں زیر سماعت ہے۔ بانی پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹر علی ظفر نے جواب دیا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ میں کیس کریمینل حوالے سے چل رہا جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں مسئلہ سول نوعیت کا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں بانی تحریک انصاف کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر وکلا کو حتمی دلائل کے لئے طلب کر لیا۔ انسداد دہشت گردی کی عدالت کے جج ارشد جاوید نے 9 مئی کے جلاؤ گھیراؤ کے تین مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی عبوری ضمانتوں پر سماعت کی۔ درخواستوں پر آئندہ سماعت 25 جون کو ہوگی۔ 

ای پیپر-دی نیشن