• news

ایشیائی بنک 250 ملین، عالمی بنک پاکستان کو 53 کروڑ 50 لاکھ ڈالر قرض دیگا

کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) عالمی بنک نے پاکستان کے لیے 53 کروڑ 50 لاکھ ڈالرز فنانسنگ کی منظوری دے دی۔ رقم موسمیاتی تبدیلیوں کے نقصانات کم کرنے اور سندھ میں لائیو سٹاک کے شعبے میں بہتری پر خرچ ہوگی۔  عالمی بنک کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق  پہلے پروجیکٹ کے تحت 40 کروڑ ڈالر فراہم کیے جائیں گے،  فنڈز کا مقصد زرعی شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنانا ہے۔ اعلامیے کے مطابق دوسرے پروجیکٹ کے تحت 13 کروڑ 50 لاکھ ڈالر فراہم کیے جائیں گے، جس کا مقصد سندھ میں لائیو سٹاک کے شعبے کی بہتری لانا ہے۔ عالمی بنک کے مطابق سندھ میں لائیو سٹاک کے شعبے کو موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے محفوظ بنایا جائے گا۔ ادھر ایشیائی ترقیاتی بنک پاکستان کو 250 ملین ڈالر قرض فراہم کرے گا۔ اسلام آباد سے جاری ایشیائی ترقیاتی بنک کے اعلامیہ کے مطابق اس رقم سے پاکستان میں انفراسٹرکچر (بنیادی ڈھانچے) میں پائیدار سرمایہ کاری کی جائے گی۔ یہ رقم پرائیویٹ پبلک سرمایہ کاری کرکے سروسز کی فراہمی پر خرچ ہو گی۔ اعلامیہ کے مطابق قرض فراہمی معاہدے پر پاکستان کے سیکرٹری اقتصادی امور اور ایشیائی بنک کے کنٹری ڈائریکٹر نے دستخط کئے۔

ای پیپر-دی نیشن