شاہد خاقان ‘ مفتاح اسماعیل نے نئی سیاسی جماعت ’’عوام پاکستان‘‘ لانچ کر دی
لاہور+ کراچی (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سابق رہنمائوں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے نئی سیاسی جماعت ’’عوام پاکستان‘‘ لانچ کر دی۔ "عوام پاکستان" کے ایکس اکائونٹ پر "عوام پاکستان: بدلیں گے نظام" کی ٹیگ لائن کے ساتھ ایک ویڈیو شیئر کی گئی جسے سابق لیگی رہنمائوں شاہد خاقان عباسی اور مفتاح اسماعیل نے ری پوسٹ کیا۔ ویڈیو میں مایوس عوام متعدد قومی مسائل جیسے مہنگائی، گیس اور بجلی کی قلت، بدعنوانی، بے روزگاری اور لڑکیوں کیلئے سکولوں کی کمی کے بارے میں سوالات کرتے نظر آئے۔ ذرائع کا دعوی ہے کہ شاہد خاقان عباسی، مفتاح اسماعیل اور پیپلز پارٹی کے سابق سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر پارٹی پالیسی سے اختلافات کے باعث اپنی جماعتوں کو چھوڑنے کے بعد سے اس منصوبے پر کام کر رہے تھے۔ ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کے سابق رکن قومی اسمبلی شیخ صلاح الدین، پی ٹی آئی کے سابق رکن سندھ اسمبلی دیوان سچل بھی عوام پاکستان پارٹی میں شامل ہو گئے جبکہ کراچی کی کئی اہم کاروباری سیاسی شخصیات سے بھی شمولیت کیلئے رابطے جاری ہیں۔ دوسری جانب ذرائع کا یہ دعویٰ بھی سامنے آیا ہے کہ ن لیگ، پی ٹی آئی، ایم کیو ایم سے نکلے اور ناراض افراد عوام پاکستان پارٹی میں شامل ہورہے ہیں۔ عوام پاکستان پارٹی کی 20رکنی آرگنائزنگ کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ شاہد خاقان عباسی چیئرمین، مفتاح اسماعیل سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔ عوام پاکستان کی مرکزی کمیٹی کا اجلاس 4جولائی کو اسلام آباد میں ہوگا اور 6جولائی کو عوام پاکستان پارٹی کی لانچنگ شہر اقتدار میں ہوگی۔