• news

آرمی چیف سے چینی وزیر کی ملاقات، سی پیک پر پیش رفت کا جائزہ

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے بین الاقوامی شعبہ (آئی ڈی سی پی سی) کے وزیر لیو جیان چاؤ نے جمعہ کو جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نشان امتیاز (ملٹری) سے ملاقات کی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق ملاقات کے دوران دونوں رہنمائوں نے علاقائی امن و استحکام سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (CPEC) پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ آرمی چیف نے چین کے ساتھ تزویراتی شراکت داری کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا اور چین کے بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو (بی آر آئی) کے ایک اہم منصوبے سی پیک کے کامیاب نفاذ کے لیے مکمل تعاون کا وعدہ کیا۔ مسٹر لیو جیان چائو نے اس بات پر روشنی ڈالی کہ وہ چین میں دونوں ممالک کی قیادت کے درمیان کامیاب ملاقاتوں کے بعد پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور CPEC پر حاصل ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس کی بروقت تکمیل کے لیے چین کے عزم کا اعادہ کیا۔ مہمان خصوصی نے علاقائی امن و استحکام کو برقرار رکھنے کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن