دھواں چھوڑنے والی 13 گاڑیوں کیخلاف کارروائی ‘ 2تھانوں میں بند
لاہور(نامہ نگار)پنجاب پولیس لاہور سمیت صوبہ بھر میں ٹریفک مینجمنٹ کی بہتری کیلئے مصروف عمل ہے، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہاکہ صوبے کے تمام اضلاع میں ٹریفک پولیس دفاتر شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی سمیت دیگر سہولیات فراہم کرر ہے ہیں، ترجمان پنجاب پولیس نے ٹریفک پولیس پنجاب کی ایک روزہ کارکردگی جاری کردی ۔ گذشتہ روز لاہور سمیت صوبہ بھر میں 1340 شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، شاہراہوں پر آلودگی کا باعث زیادہ دھواں چھوڑنے والی 13 گاڑیوں کیخلاف قانونی کارروائی کی گئی، آلودگی پھیلانے پر 2گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 4150 گاڑیوں کے چالان کئے گئے اور چالان کی مد میں 25 لاکھ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی گئی۔ 26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران 14 لاکھ 30 ہزار سے زائد شہریوں کو ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے، آلودگی کا باعث بننے والی 24 ہزار 600 سے زائد گاڑیوں کیخلاف قانونی کارروائی کی گئی جبکہ 6688 گاڑیوں کو تھانوں میں بند کیا گیا، ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 32 لاکھ 48 ہزار سے زائد گاڑیوں کے چالان کئے گئے جبکہ 1 ارب 72 کروڑ روپے کی رقم قومی خزانے میں جمع کروائی گئی، ٹریفک پولیس لاہور سمیت صوبے بھر کی تمام شاہراہوں پر شہریوں کی خدمت و حفاظت کیلئے ہمہ وقت مصروف عمل ہے، شہریوں کو خدمات کی فراہمی کیساتھ ساتھ ٹریفک کی ہموار روانی کو یقینی بنایا جارہا ہے۔