بینظیر جمہوریت کی چیمپیئن‘ سندھ اسمبلی کی قرارداد :آصفہ نے سالگرہ کیک کاٹا
کراچی (سٹاف رپورٹر)سابق وزیر اعظم بے نظیر بھٹو شہید کی سب سے چھوٹی صاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے جمعہ کو سندھ اسمبلی جاکر اپنی والدہ کی 71ویں سالگرہ کا کیک کاٹا۔اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ اورپیپلز پارٹی کے ارکان سندھ اسمبلی بھی موجود تھے۔تقریب میں اپوزیشن ارکان کو بھی مدعوکیا گیا تھا ۔آصفہ بھٹو زرداری نے مہمانوں کی گیلری میں بیٹھ کر کچھ دیر تک ایوان کی کارروائی بھی دیکھی۔ مرادعلی شاہ نے پرانی یادوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا جب محترمہ بینظیر وزیراعظم تھیں تو وہ بھی سندھ اسمبلی آئی تھیں ،اس وقت میرے والدعبداللہ شاہ سپیکر سندھ اسمبلی تھے اور اجلاس کی صدارت کررہے تھے ۔سندھ اسمبلی نے جمعہ کو شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی 71ویں سالگرہ کے موقع پر انہیں بھرپور خراج عقیدت پیش کرنے کی قرارداد متفقہ طور پر منظور کرلی۔ قرارداد پیپلز پارٹی سندھ کے صدر ایم پی اے نثار احمد کھوڑو نے پیش کی۔