لیسکو ریجن سے 46 بجلی چور گرفتار: آئیسکو کی حدود میں نادہندگان کیخلاف کریک ڈاؤن جاری
لاہور؍ اسلام آباد +کامونکی (نامہ نگار+اے پی پی+ اپنے سٹاف رپورٹر سے+نمائندہ خصوصی) لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کی جانب سے چیف ایگزیکٹو لیسکو انجینئر شاہد حیدر کی زیر نگرانی انسداد بجلی چوری مہم جاری ہے۔ ترجمان لیسکو کے مطابق 24 گھنٹوں کے دوران ریجن بھر میں 520ملزمان بجلی چوری میں ملوث پائے گئے، جن میں سے 201 ملزمان کے خلاف مقدمات درج ہوچکے ہیں جبکہ 46کو گرفتار کیا جاچکا ہے۔ پکڑے جانے والے کنکشنز میں 12 کمرشل،12 زرعی اور496 ڈومیسٹک تھے۔ تمام کنکشنز منقطع کرکے ان کو 5 لاکھ 5ہزار 2سو 14 یونٹس ڈٹیکشن بل کی مد میں چارج کئے گئے ہیں جن کی مالیت 1کروڑ 52لاکھ9 ہزار 5سو95 روپے ہے۔ بجلی چوروں کیخلاف کئے جانے والے آپریشن میں بڑے کمرشل صارفین بھی بجلی چوری میں ملوث پائے گئے۔ شرقپور کے علاقے میں کنکشن کو 4لاکھ 14ہزار روپے عائد ہوا۔ برج اٹاری کے علاقے میں ایک ملزم کو 2 لاکھ 68 ہزار روپے، شیخوپورہ روڈ کے علاقے میں کنکشن کو2 لاکھ 64ہزار 6سو 38روپے اور کوٹ عبدالمالک میں ملزم کو2 لاکھ 5ہزار روپے کی رقم چارج کی گئی ہے۔ لیسکو چیف نے کہا بجلی چوری کے مکمل خاتمے تک بلا تفریق گرینڈ آپریشن جاری رہے گا۔ آپریشن کے دوران بجلی چوروں کے ساتھ ساتھ ان کی سرپرستی کرنے والے لیسکو افسران و ملازمین کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ ادھر آئیسکو کی جانب سے ریجن بھر میں انسداد بجلی چوری اورنادہندگان سے واجبات وصولی کے لیے کریک ڈاؤن کامیابی کے ساتھ جاری ہے۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد خان کے مطابق آپریشن کے دوران بجلی چوروں کو 62 کروڑ 75 لاکھ روپے سے زائد کے جرمانے کیے جانے کے علاوہ 1450بجلی چوروں کو گرفتار کیا گیا جب کہ ایک لاکھ 30ہزار سے زائدبجلی نادہندگان سے 3 ارب 33کروڑ 86لاکھ روپے سے زائد کی ریکوری کی گئی۔ اسلام آباد، راولپنڈی سٹی، راولپنڈی کینٹ، اٹک، چکوال اور جہلم میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن جاری ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر آئیسکو ڈاکٹر محمد امجد نے کہا صارفین اپنے ذمے واجبات کی بروقت ادائیگی کریں اور بجلی چوری کی اس قومی مہم میں آئیسکو کا ساتھ دیتے ہوئے بجلی چوری کی اطلاع متعلقہ ایس ڈی او کمپلینٹ آفس کے نمبرز،آئیسکو ہیلپ لائن نمبر یا کمپلینٹ اینڈ مانیٹرنگ سیل کے نمبرز پر دیں تاکہ بروقت کارروائی عمل میں لائی جا سکے۔لاہور پولیس نے رواں سال بجلی چوروں کے خلاف مختلف کارروائیوں میں 15ہزار 513 مقدمات درج کرکے 14ہزار 938ملزم گرفتارکئے ہیں۔ گزشتہ روز جاری ایک بیان میں ترجمان لاہور پولیس نے بتایا کہ اقبال ٹاؤن میں بجلی چوری کے 2087 ملزمان، صدر میں 2523، کینٹ میں 4437، ماڈل ٹاؤن میں 2398، سٹی میں 2650 اور سول لائنز میں 843 ملزم گرفتار کئے گئے ہیں۔ سی سی پی او نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت میں بجلی چوروں کے خلاف بھر پورکریک ڈاؤن جاری ہے۔ ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والا شخص رنگے ہاتھوں پکڑا گیا۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ روز واہنڈو پولیس نے گیپکو کے ایس ڈی او دانیال ذکی کی درخواست پر ڈائریکٹ تاریں لگا کر بجلی چوری کرنے والے موضع ٹونگ اونچہ کے عباد علی کیخلاف مقدمہ درج کرلیا ہے۔