• news

وزیراعظم، آرمی چیف کی وطن پر قربان مسیحی سپاہی کی آخری رسومات میں شرکت

راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے) ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق 29 سالہ سپاہی ہارون ولیم کی آخری رسومات ہفتہ کو سینٹ پال چرچ راولپنڈی میں ادا کی گئیں۔ وہ اسلام آباد کے رہائشی تھے۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق مسیحی سولجر سپاہی ولیم نے گزشتہ روز ضلع کرم میں دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کے فریضہ کی انجام دہی میں مادر وطن کا دفاع کرتے ہوئے جان قربان کی۔ رسومات میں وزیراعظم پاکستان، وزیر دفاع، وزیرِ اطلاعات و نشریات، چیف آف آرمی سٹاف، سینئر سول اور فوجی افسران، سپاہیوں، شہریوں اور سپاہی ہارون ولیم کے رشتہ داروں نے شرکت کی۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ملکی ترقی میں مسیحی برادری کی قربانیوں اور خدمات کو سراہا۔ انہوں نے دو ٹوک الفاظ میں کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج ایک مضبوط ادارہ ہے جس میں ہر ایک اپنے ہمہ جہت پس منظرکے ساتھ ریاست کا دفاع کرنے میں مصروف ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان آرمی میں مسیحی بھائیوں نے اپنے خون سے تاریخ رقم کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیرنے سپاہی ہارون ولیم، سپاہی انوش روفن اور ان کے ساتھیوں کی قربانی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کا اتحاد اور بہادری قوم کی طاقت کی مثال ہے۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ قوم مادر وطن کی عزت کیلئے خدمات اور قربانیاں دینے والوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔ ترجمان آئی ایس پی آر کے مطابق سپاہی ہارون ولیم کو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ راولپنڈی میں سپردِ خاک کر دیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار عقیل احمد (اوکاڑہ)، لانس نائیک محمد تفیر (پونچھ)، سپاہی انوش روفن (اٹک) اور سپاہی محمد اعظم خان (ہری پور) کی نمازجنازہ ان کے آبائی علاقوں میں ادا کی گئی اور انہیں پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کر دیا گیا۔ ترجمان آئی ایس پی آر نے کہاکہ پاکستان کی مسلح افواج ہر قیمت پر مادر وطن سے دہشتگردی کو جڑ سے ختم کرنے کیلئے پرعزم ہے۔

ای پیپر-دی نیشن