مودی کا دورہ کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف، کوئی مراعات نہیں، حق خودارادیت چاہتے ہیں: حریت کانفرنس
نئی دہلی (کے پی آئی )بھارت کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل میں قید کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیرمین مسرت عالم بٹ نے بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کے دورہ مقبوضہ کشمیرمیں کئے گئے نام نہاد ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری عوام کو کسی پیکیج سے دلچسپی نہیں بلکہ وہ بھارت سے اپنا جائز اور پیدائشی حق،حق خودارادایت مانگتے ہیں جس کا ودعدہ خود بھارتی حکمرانوں نے عالمی برادری کے سامنے اقوام متحدہ کی قراردادوںمیں کررکھا ہے ، ہفتہ کو جیل سے اپنے بیان میں چیرمین حریت کانفرنس نے کہاکہ بھارتی وزیراعظم کے اس دورے کا اصل مقصد عالمی برادری کو مقبوضہ علاقے کی سنگین صورتحال کے حوالے سے گمراہ کرنے کی کوشش تھا ۔کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتیہ جنتا پارٹی اور آر ایس ایس (بی جے پی) کے کشمیر مخالف ایجنڈے کی شدید مذمت کرتے ہوئے نریندر مودی کے مقبوضہ علاقے کے حالیہ دورے کو مظلوم کشمیریوں کے زخموں پر نمک پاشی کے متراد ف قرار دیا ہے،کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماؤں نے سری نگر میں ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ظالم و جابر بھارتی حکمرانوں کے مقبوضہ علاقے کے دورے آزادی پسند کشمیریوں کے لیے بے معنی ہیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میر واعظ عمر فاروق نے امریکہ کی طرف سے بھارت اور پاکستان کے درمیان تمام تصفیہ طلب مسائل کے حل کیلئے مذاکرات کی حمایت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ طاقت کے استعمال اورجنگ سے کبھی مسائل حل نہیں ہوتے۔جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر پاکستان کے کنو ینئرغلام محمد صفی نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی کا سرینگر کا دورہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کے زخموں پر نمک پاشی کے مترادف ہے۔ 11لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں، پولیس اور پیراملٹری اہلکاروں کی تعیناتی کے باوجود بھی بھارت مقبوضہ کشمیر کے زمینی حقائق کو کبھی تبدیل نہیں کرسکتا ہے۔