• news

پنجاب میں کئی ریکارڈ قائم ہو رہے، پہلی مرتبہ مسافروں کو کرائے کی رقم واپس ملی: عظمیٰ بخاری 

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب میں کئی ریکارڈ قائم ہو رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار وزیراطلاعات و ثقافت عظمیٰ زاہد بخارینے وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس میں کیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے اب تک کوئی چھٹی نہیں کی عید پر بھی وہ مسلسل کام کرتی رہیں۔ عید کے دنوں میں ٹرانسپورٹ کرایوں میں ریکارڈ کمی کی گئی اور پہلی بار ایسا ہوا ہے کہ زائد لی گئی کرائے کی رقم مسافروں کو واپس کروائی گئی۔ پورے صوبے میں صفائی کا ریکارڈ قائم ہوا۔ عظمیٰ زاہد بخاری کا مزید کہنا تھا کہ فیلڈ ہسپتالوں کے تحت محض ایک ماہ میں دس لاکھ سے زائد مریضوں کو ادویات اور علاج فراہم کیا گیا ہے۔ تقریبا 100 روز کی حکومت میں پنجاب کے قرض میں بھی 23 ارب روپوں کی کمی واقع ہوئی ہے۔ پریس کانفرنس میں وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان کا کہنا تھا کہ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر ٹرانسپورٹ کرایوں میں اوورچارجنگ کی روک تھام کو یقینی بنایا گیا۔ بلال اکبر خان کا مزید کہنا تھا کہ درخواستیں زیادہ موصول ہونے پر وزیر اعلیٰ نے خواتین کیلئے مزید 8 ہزار سے زائد الیکٹرک بائیکس دینے کا اعلان کیا ہے تاکہ ہر طالبہ کو بائیک مل سکے۔ ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں پر بات کرتے ہوئے وزیر ٹرانسپورٹ کا کہنا تھا کہ پنجاب کے 5 بڑے شہروں میں 657 ایکو فرینڈلی بسیں چلانے کا منصوبہ عملی طور پر شروع کر رہے ہیں اور اسی سلسلہ میں دسمبر تک 27 الیکٹرک بسیں بھی لاہور میں چلائی جائیں گی۔

ای پیپر-دی نیشن