لاکھوں کی وارداتیں‘ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ڈولفن سکواڈ اہلکار جاں بحق
لاہور (نامہ نگار) ہئیر کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ڈولفن سکواڈ کا ایک جوان جاں بحق ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق ہیئر کے علاقے میں ڈاکوؤں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والے ڈولفن سکواڈ کے دونوں اہلکاروں عدنان اور ظفر کو طبی امداد کے لئے ڈیفنس کے نجی ہسپتال میں داخل کرا دیا گیا تھا‘ گزشتہ شب زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے اہلکار محمد عدنان جاں بحق ہو گیا جبکہ زخمی اہلکار ظفر کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ دریں اثناء ڈاکوؤں نے ہنجروال کے علاقے میں عثمان کے گھر گھس کر اہلخانہ کو یرغمال بنا کر 5لاکھ 80 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات، موبائل فون اور دیگر سامان، قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ کے علاقے میں زاہد اور اس کی فیملی سے اسلحہ کے زور پر 4لاکھ 60 ہزار روپے مالیت کی نقدی، طلائی زیورات اور موبائل فون، ریس کورس کے علاقے میں منیب سے 65 ہزار اور موبائل فون، گلشن راوی کے علاقے میں خالد سے 98 ہزار روپے اور موبائل فون، اچھرہ میں نعمان 75ہزار روپے اور موبائل فون، غازی آباد کے علاقے میں نذیر سے گن پوائنٹ پر40 ہزار نقدی اور موبائل فون، انارکلی کے علاقے میں گن پوائنٹ پر کامران سے 25 ہزار نقدی اور موبائل فون، شفیق آباد کے علاقے میں فواد سے 17ہزار روپے نقدی اور موبائل فون لوٹ لیا۔ چوروں نے ڈیفنس، جوہر ٹاؤن اور نواں کوٹ کے علاقوں میں سے 3 گاڑیاں، کاہنہ کے علاقے میں سے رکشہ جبکہ ہڈیارہ، گڑھی شاہو، ٹاؤن شپ، کاہنہ، داتا دربار، راوی روڈ، رائیونڈ سٹی اور مناواں کے علاقوں میں سے سے 8موٹر سائیکلیں چوری کر لیں۔