• news

پی ٹی آئی، جے یو آئی قومی اسمبلی میں مل کر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر متفق

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) پاکستان تحریک انصاف اور جمعیت علماء  اسلام (جے یو آئی) میں قومی اسمبلی میں مل کر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق ہوگیا۔ سابق سپیکر قومی اسمبلی اور مرکزی رہنما پاکستان تحریک انصاف اسد قیصر کی جمعیت علماء  اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں ملک بھر کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے ملک بھر میں بالخصوص خیبرپختونخوا میں امن و امان کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا۔ دونوں رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خیبر پختونخوا میں امن و امان کی صورتِ حال ابتر ہو چکی، صوبے میں امن کیلئے سیاسی جماعتوں کو کردار ادا کرناہو گا، فوجی آپریشن کسی مسئلے کا حل نہیں۔ دوران ملاقات دونوں جماعتوں کے درمیان قومی اسمبلی میں مل کر بھرپور اپوزیشن کا کردار ادا کرنے پر اتفاق ہوا اور بجٹ کو آئی ایم ایف بجٹ اور عوام دشمن قرار دے کر مسترد کر دیا۔ پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر اور سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمان نے افغانستان کے ساتھ برادرانہ تعلقات کے قیام کیلئے کردار ادا کرنے پر اتفاق اور افغانستان کے ساتھ کراسنگ پوائنٹس پر اقتصادی راہداری قائم کرنے کا مطالبہ کیا۔ ملاقات میں دونوں جماعتوں کے درمیان سیاسی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا، کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان تحفظات دور کرنے اور آئندہ کی سیاسی حکمت عملی کیلئے نکات طے کرے گی۔ ملاقات میں تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات اخونزادہ حسین یوسفزئی بھی شریک تھے۔

ای پیپر-دی نیشن