• news

مہنگی بجلی، لوڈشیڈنگ، بجٹ کیخلاف مظاہرے: قوم اشرافیہ سے نجات کیلئے ساتھ دے: حافظ نعیم

لاہور‘ گوجرانوالہ‘ نوشہرہ ورکاں‘حافظ آباد (نوائے وقت رپورٹ+نمائندہ خصوصی+نمائندہ نوائے وقت ) جماعت اسلامی نے عوام کے حقوق کے لیے قومی تحریک مزاحمت کا آغاز کر دیا ہے اور مہنگی بجلی، طویل لوڈ شیڈنگ، عوام دشمن بجٹ کے خلاف ملک گیر مظاہرے کئے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ قوم مایوس ہونے کے بجائے ظالم اشرافیہ سے نجات کے لیے جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ حکمرانوں نے جو کرنا ہے کر لیں۔ بجلی بلوں کی صورت میں بجلی بموں نے عوام کی زندگی عذاب کر دی ہے۔ شہباز شریف عرصہ دراز سے لوڈ شیڈنگ خاتمے کے جعلی اعلانات کر رہے ہیں۔ (ن) لیگ، پی پی اور ایم کیو ایم کی بجٹ پر نوراکشتی جاری ہے، روٹھنے منانے کی ڈرامہ بازیوں کو عوام خوب سمجھتے ہیں۔ دوسری جانب، جماعت اسلامی پی پی 169 کے تحت مہنگی بجلی، بجلی کے بلوں میں اضافے اور لوڈشیڈنگ پر احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے ہاتھ والے پنکھے احتجاجی طور پر تھام کر حکومت مخالف شدید نعرے بازی کی۔ نائب امیر جماعت اسلامی جنوبی لاہور احمد سلمان بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2800 ارب روپے بجلی کے بلوں میں ڈال دیتے ہیں جو بجلی استعمال نہیں ہوتی ہے اور آئی پی پی ایز حکومت کے داماد بن چکے ہیں۔ شہباز شریف وزیراعلیٰ تھے اور لوڈشیڈنگ ہوتی تھی، مینار پاکستان ہاتھ والا پنکھا تھامے نظر آتے تھے۔ مظاہرے میں حافظ احمد عمیر، حافظ رضوان ، فرخ اسلام چوہدری اور اسحاق گجر نے بھی شرکت کی۔ حافظ نعیم الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت ینگ ڈاکٹرز کے مسئلے کو سنجیدگی سے حل کرے۔ ینگ ڈاکٹرزکے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ملک میں ہسپتالوں کی حالت بری ہے۔ ساہیوال واقعہ کی پوری انکوائری ہونی چاہیے، واقعہ کی انکوائری ہوگی تو وزیر اور سیکرٹری صحت ذمہ دار ہوگا۔ فارم47 کی بنیاد پر زبردستی مسلط ہونے والے ڈاکٹروں کی تذلیل کر رہے ہیں۔ پیرا میڈیکل سٹاف کی غلطیوں، کوتاہیوں کو ٹھیک کریں لیکن تذلیل نہ کریں، ڈاکٹرز سے ڈیلی ویجز پر کام کرانے پر پنجاب حکومت کو شرم نہیں آتی؟ یہ ہسپتال اور تعلیمی ادارے بیچ رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو سرجنز کی توہین کی معافی مانگنی چاہئے۔  حافظ نعیم الرحمن سے ینگ ڈاکٹرز ایسوسی کے وفد نے صدر وائے ڈی اے ڈاکٹر عاطف چوہدری کی سربراہی میں منصورہ میں ملاقات کی اور انہیں اپنے مطالبات سے آگاہ کیا۔ قیصر شریف، محمد جاوید قصوری اور ضیاء الدین انصاری بھی  موجود تھے۔ بعدازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے امیر جماعت نے کہا کہ حکومت ڈاکٹرز سے مذاکرات کرے، موجودہ صورتحال جس میں عام آدمی پریشان ہے سے خلاصی حاصل کی جائے۔ انہوں نے ڈاکٹرز کے جائز مطالبات کی حمایت کرتے ہوئے ان سے اپیل کی کہ ان کے احتجاج کے سلسلے میں مریضوں اور ان کے لواحقین کو کسی قسم کی دشواری اور مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ جماعت اسلامی جلد قومی سطح پر ممبر شپ مہم کا آغاز کرے گی۔ صدر وائے ڈی اے پاکستان ڈاکٹر عاطف چوہدری اور صدر پنجاب شعیب نیازی نے کہا کہ وزیراعلیٰ کی کابینہ میں شامل چند وزراء حالات کو خراب کرنے کی کوشش کررہے ہیں، انہیں دھمکیاں اور ڈیڈلائنز جاری کی جارہی ہیں، ہم اپنے جائز مطالبات سے دستبردار نہیں ہوں گے، مذاکرات کے لیے تیار ہیں، انہوں نے امیر جماعت کو یقین دلایا کہ ان کی ریکوئسٹ پر وہ ان ڈور ہڑتال کو موخر کررہے ہیں۔جماعت اسلامی ضلع  گوجرانوالہ کے زیرانتظام بجلی کی بڑھتی ہوئی لوڈشیڈنگ اور بلوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمان کی اپیل پر جی ٹی روڈ شیرانوالہ باغ پر احتجاج اورمظاہرہ کیا گیا۔ ڈاکٹر احسان اللہ عثمانی نے کہا کہ جماعت اسلامی حکمرانوں کے مظالم کے خلاف 25کروڑ عوام کی ترجمانی کر رہی ہے۔ فرقان عزیز بٹ نے کہا کہ گیپکو چیف کی جانب سے اوور بلنگ ختم نہ ہو سکی جس پر ہر شہر سراپا احتجاج ہے۔ صارفین کی جانب سے اوور بلنگ پر شکایات کے انبار ہیں مگر آپریشن افسران نے بلوں کی طرح آنکھیں موند لیں۔Pro Rata  سافٹ وئیر کے ذریعے ریڈنگ ہو رہی ہے۔ گیپکو ہیڈکوارٹر ذمہ دار ہے، گیپکو آپریشن افسروں، گیپکو چیف کے حکم پر غریب صارفین سے ظلم کیا جا رہا ہے جس پر وزیراعظم، وزیر داخلہ فل فور نوٹس لیں۔ لاکھوں صارفین سے اوور بلنگ کے ذریعے لوٹا گیا پیسہ برآمد کر کے گیپکو چیف پر مقدمہ قائم کیا جائے۔ بلال قدرت بٹ نے کہا ملکی ترقی و خوشحالی کے لئے اندرونی استحکام از حد ضروری ہے۔ عمر فاروق گیلانی، علی رضا حسنی نے کہا کہ آج ملک و قوم جس نہج پر پہنچ چکے ہیں اس میں مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کا بنیادی کردار رہا ہے۔ ان ظالموں نے ایک دوسرے کے کرپشن کے میگا سکینڈلز کا خاتمہ کر کے ظلم کیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیب کے179  میگا کرپشن کیسز میں سے نصف بند یا نمٹا دئیے گئے صرف دس فیصد کیسز میں سزا ئیں سنائی گئیں۔ احتجاجی مظاہرے کے دوران کارکنوں نے شدید نعرے بازی کی اور بجلی کے بل بھی نذر آتش کئے۔ ہوشربا بلوں اور لوڈ شیڈنگ کے خلاف نوشہرہ  ورکاں میں ریلی نکالی جس کی قیادت زونل امیر سردار عبد الرزاق نے کی۔ ریلی دفتر جماعت اسلامی سے شروع ہو کر تھانہ چوک سے ہو کر حیدری چوک میں پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔ رانا اظہر جہانگیر، میاں مظہر اقبال ساجد، میاں لیاقت علی، چوہدری فاروق احمد کھارا، منشی محمد اشرف غفاری، عمر صدیق مغل اور رائے راسخ حسن  نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ واپڈا عوام سے بل نہیں لیتی بلکہ ڈکیتی کرتی ہے۔ ریلیف کے نام پر نت نئے فارمولوں اور ٹیکس در ٹیکس سے عوام کو لوٹا جا رہا ہے۔ میں  بھی ریلی نکالی گئی جو علی پور روڈ سے شروع ہو کر ونیکے چوک پر اختتام پزیر ہوئی۔ ریلی کی قیادت جماعت کے ضلعی امیر ملک شوکت علی پھلروان، ممبر صوبائی شوری امان اﷲ چٹھہ اور پروفیسر محمد ایوب طاہر نے کی۔ مقررین نے کہا کہ موجودہ حکومت نے عوام پر بجلی کے بم گرانے کے ریکارڈ توڑ دیئے ہیں جس کی وجہ سے غریب عوام حکمرانوںکو کوس رہے ہیں۔ حکومت نے بجلی کے جو ٹیرف مقررکئے ہیں ان کی دنیا بھر میں کہیں بھی مثال نہیںملتی۔ چنانچہ حکومت کو چاہئے کہ غریب عوام کی جیبوں پر ڈاکے ڈالنے کا سلسلہ فوری ختم کرے اور عوام کو بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ سے بھی نجات دلائی جائے۔امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاء الدین انصاری ایڈووکیٹ اور سیکرٹری جماعت اسلامی لاہور خالد احمد بٹ نے بجلی کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ نااہل حکمرانوں  نے بجلی 300 یونٹ فری دینے کی بجائے 355 فیصد مہنگی کر دی ہے۔ کمرشل صارفین کیلئے مقرر چارجز میں 300 جبکہ صنعتی استعمال پر 355 ظالمانہ اضافہ کیا گیا ہے جو قابل مذمت ہے۔ بجلی اور گیس کے بلوں میں بھاری ٹیکسز نے عوام کی نیندیں حرام کر دی ہیں۔ ملک میں 90 ہزار سبز پلیٹ نمبر گاڑیاں تقربیاً 220 ارب روپے کا مفت پٹرول اور 550 ارب کی سالانہ بجلی اشرافیہ مفت استعمال کر رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی کال پر بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافے اور غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے خلاف کالج روڈ پر احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ بعدازاں جماعت اسلامی لاہور کے زیر اہتمام منصورہ ملتان چونگی، برکی لاہور، مین جی ٹی روڈ تھانہ شاہدرہ، راوی چوک، بیرون دہلی گیٹ، شاد باغ سکیم، شاہراہ مادھو لال حسین، نشتر کالونی سٹاپ فیروز پور روڈ، بجے شنگھائی پل، اکبر چوک، ٹاؤن شپ، باگڑیاں سٹاپ، پرانا کاہنہ فیروز پور روڈ، چوک عاشق آباد سمیت شہرکی مختلف اہم شاہراوں اور چوکوں پر احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہروں کی قیادت امیر جماعت اسلامی غربی لاہور عبدالعزیزعابد، امیر جنوبی لاہور  اظہر بلال، امیر جنوبی لاہور ڈاکٹر محمود خان، امیر شرقی لاہور مرزا شعیب یعقوب، امیر وسطی لاہور سیف الرحمن سمیت دیگر قائدین نے کی جس میں بڑی تعداد میں کارکنان اور شہریوں نے شرکت کی۔ مظاہرین نے حکومت کی عوام دشمن پالیسیوں کے خلاف نعرہ بازی کی اور حکومت سے مطالبہ کیا کہ بجلی کی قیمتوں میں ظالمانہ اضافہ اور ٹیکسز کی صورت میں بھتہ خوری بند کی جائے۔ اشرافیہ سے اربوں روپے کا پٹرول، بجلی اور دیگر مفت سہولیات واپس لی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن