کور کمانڈر کوئٹہ کا گوردوارے کا دورہ، سکھ برادری نے روایتی چادر پیش کی
کوئٹہ(این این آئی)کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد نے کوئٹہ میں سکھ گوردوارے کا دورہ کیا ہے۔اس موقع پر سکھ برادری نے کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم کو روایتی چادر پیش کی۔کور کمانڈر کے دورے کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مختلف مذاہب کی شخصیات نے بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ کے لیے خیالات کا اظہار بھی کیا۔کور کمانڈر بلوچستان لیفٹیننٹ جنرل راحت نسیم احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے ملک کی ترقی و خوش حالی کے لیے بین المذاہب ہم آہنگی اور رواداری بے حد ضروری ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں ایک دوسرے کیمذہبی عقائد کا احترام کرنا اور معاشرتی ہم آہنگی کو فروغ دینا چاہیے۔آخر میں نوجوانوں نے روایتی جنگی فن کا مظاہرہ بھی پیش کیا جسے شرکا نے بہت پسند کیا۔