• news

کراچی میں ریلی نکالنے پر پی ٹی آئی کے ارکان سندھ اسمبلی سمیت متعدد کارکن گرفتار

کراچی‘ لندن‘ شیخوپورہ (نوائے وقت رپورٹ+ نمائندہ خصوصی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے کراچی کے کورنگی میں امن ریلی کا انعقاد کیا جس میں پی ٹی آئی نے پولیس پر ریلی کے شرکاء کو تشدد کا نشانہ بنانے، اراکین صوبائی اسمبلی اور کارکنان کو گرفتار کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ پی ٹی آئی کی جانب سے کراچی کے ضلع کورنگی میں ’ریلیز عمران خان‘ ریلی کا انعقاد کیا گیا جس میں تحریک انصاف سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے بھی شرکت کی۔ کہا کہ پولیس نے پی ٹی آئی کراچی کے جنرل سیکرٹری ارسلان خالد‘ رضوان نیازی‘ ولی مغیری سمیت دیگر ایک درجن سے زائد رہنما و کارکنان کو پولیس نے گرفتار کر لیا۔ پی ٹی آئی کا کہنا ہے کہ پولیس نے کراچی کے صدر راجا اظہر سمیت دیگر رہنماؤں کو تشدد کا نشانہ بنایا اور پی ٹی آئی کے رکن سندھ اسمبلی واجد حسین اور ایڈووکیٹ حارث میوو کو بھی گرفتار کر لیا ہے۔ علاوہ ازیں پی ٹی آئی نے لندن میں 10 ڈاؤننگ سٹریٹ کے سامنے احتجاج کیا۔ مظاہرین نے بانی پی ٹی آئی و دیگر اسیر کارکنوں کی رہائی کا مطالبہ کیا۔ پی ٹی آئی رہنما آصف بٹ نے کہا کہ پی ٹی آئی کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ بانی پی ٹی آئی سمیت تمام پارٹی رہنماؤں کو فوری رہا کیا جائے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ خصوصی کے مطابق تھانہ سٹی اے ڈویژن پولیس نے تحریک انصاف کے رہنما اور سنی اتحاد کونسل کے ایم پی اے طیاب راشد سندھو سمیت 50 سے زائد افراد کیخلاف دفعہ 144کی خلاف ورزی کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے سلسلہ میں ریلی نکالنے پر مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا ہے۔ مقدمے میں  نعیم شہزاد سرا، امجد سعید بلوچ،  شیخ اقبال،  زکریا وٹو،  ملک آصف، وحید بنگش، رانا اویس، بلو گادھی سمیت 45  نامعلوم افراد شامل ہیں۔ تاہم کوئی گرفتاری نہیں کی گئی۔

ای پیپر-دی نیشن