• news

انوارالحق سے ملاقات: وزیر داخلہ نے آزاد کشمیر میں ایف سی تعیناتی کی منظوری دیدی

اسلام آباد (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ و انسداد منشیات محسن نقوی سے وزیراعظم آزاد جموں کشمیر چودھری انوارالحق نے ملاقات کی۔ وزارت داخلہ میں ہونے والی ملاقات میں آزاد کشمیر میں امن وامان اور سکیورٹی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں سیاسی صورتحال اور آزاد کشمیر کے نئے مالی سال کے بجٹ کے حوالے سے بھی بات چیت ہوئی۔  محسن نقوی نے وزیراعظم کی درخواست پر آزاد کشمیر میں فرنٹیئر کانسٹیبلری تعینات کرنے کی منظوری دی۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ آزاد کشمیر میں قیام امن کیلئے ہر ممکن تعاون کریں گے اور آزاد کشمیر میں سکیورٹی سے متعلق انتظامات کو بہتر بنایا جائے گا۔ آزاد کشمیر کے عوام سے کئے وعدے پورے کر رہے ہیں۔ حکومت پاکستان آزاد کشمیر حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔ آزاد کشمیر کی خوشحالی اور ترقی کیلئے ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔ وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر نے مسائل کے حل کے لئے فوری اقدامات پر وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی کا شکریہ ادا کیا۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر حکومت نے پولیس کی معاونت کیلئے ایف سی تعیناتی کی درخواست کی تھی۔ ایف سی اہلکار نیلم جہلم‘ منگلا اور گل پور پاور ہاؤسز کی فول پروف سکیورٹی کیلئے تعینات ہوں گے۔ آزاد کشمیر میں ایف سی کے 6 پلاٹونز تعینات کئے جائیں گے اور آزاد کشمیر میں ایف سی کی تعیناتی ابتدائی طور پر  3 ماہ کیلئے ہو گی۔

ای پیپر-دی نیشن