• news

ٹیچرز، طلبہ کیلئے کورسز، ڈیجیٹل سکول آن ویل کا فیصلہ، ایجوکیشن سسٹم میں اصلاحات کے بغیر تبدیلی ممکن نہیں: مریم نواز

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے الائیڈ، ٹیک ویلی، گوگل فار ایجوکیشن کے وفد نے  ریجنل ہیڈ پال ہچنگس  (Paul Hutchings) کی قیادت میں ملاقات کی۔ ملاقات میں اہم فیصلے کیے گئے، جس کے مطابق آسٹریلوی ادارہ الائیڈ کے اشتراک سے ''کروم بکس'' کی اسمبلنگ پنجاب میں کی جائے گی۔ پنجاب کے سرکاری سکولوں کے 50ہزار طلبہ کو گوگل آئی ڈی  مفت فراہم کیا جائے گا۔ سرکاری سکولوں کے ایک ہزار ٹیچرز کو فری ڈیجیٹل سرٹیفکیشن کورسز کرائے جائیں گے۔ 15 ہزار یونیورسٹیز طلبہ کے لئے بھی مفت سرٹیفکیشن کورسز پراجیکٹ شروع ہو گا۔ ڈیڑھ کروڑ ڈالر فیس کے لئے گوگل فار ایجوکیشن معاونت کرے گا۔ پنجاب میں ڈیجیٹل سکول آن ویل پراجیکٹ لانچ کرنے کا اصولی فیصلہ بھی کیا گیا۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے پال ہچنگس  (Paul Hutchings)کی قیادت میں وفد کی ملاقات میں ڈیجیٹل ایجوکیشن منصوبوں، سمارٹ کلاس روم اور ڈیجیٹل ایجوکیشنل ایکو سسٹم میں تعاون کے امکانات کا جائزہ لیا۔ آؤٹ آف سکول بچوں کا مستند ڈیٹا مرتب کرنے کے لئے گوگل فار ایجوکیشن کی تکنیکی معاونت حاصل کرنے پر اتفاق کیاگیا۔ وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے بریفنگ میں بتایا کہ پنجاب کے سرکاری سکولوں کے طلبہ گوگل آئی ڈی کے ذریعے لاگ ان کر سکیں گے۔ یونیورسٹی سٹوڈنٹس کو اینٹی وائرس، آرٹیفیشل انٹیلی جنس اور دیگر کی سرٹیفکیشن کرائی جائے گی۔ لیول ون اور لیول ٹو سرٹیفکیٹ حاصل کرکے سٹوڈنٹس دنیا بھر میں آسانی سے جاب حاصل کرسکیں گے۔ سکول آن ویل کے دو پائلٹ پراجیکٹ چند ہفتوں میں لانچ کر دیئے جائیں گے۔ سکول آن ویلز میں طلبہ اپنے گوگل آئی ڈی کو لاگ ان کرکے سٹڈیز کرسکیں گے۔ کروم بکس کے ذریعے طلبہ کو کوئی ایپلی کیشن ڈاؤن لوڈ نہیں کرنا پڑے گی۔ طلبہ کے زیر استعمال کروم بکس کا ڈیٹا بھی مانیٹر کیا جاسکے گا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہاکہ نظام تعلیم میں خامیوں اور کمزوریوں کا تعین کرکے بہتری کے لئے کوشاں ہیں۔ ایجوکیشن سسٹم ری ویمپ کیے بغیر مثبت تبدیلی ممکن نہیں۔ سرکاری سکولوں کے بار بار وزٹ کر کے صورتحال کا جائزہ لے رہی ہوں۔ اگر ہمارے طلبہ کو مواقع میسر ہوں تو کمال کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آئی ٹی سرٹیفکیٹس کے ذریعے نوجوانوں کو مقامی اور عالمی مارکیٹ میں روزگار کے حصول کے قابل بنایا جائے گا۔ پنجاب حکومت گوگل فار ایجوکیشن کے ساتھ کام کرنے کیلئے پر عزم ہے۔ کروم بکس کی مقامی سطح پر اسمبلنگ میں بھرپور معاونت کریں گے۔ گوگل فارایجوکیشن کے وفد نے حکومت پنجاب کے پہلی سرکاری آٹیزم سکول پراجیکٹ میں دلچسپی کا اظہار کیا۔ ڈیجیٹل ایجوکیشن تک رسائی آسان بنانے کیلئے پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہشمند ہیں۔ پنجاب میں نظام تعلیم کو جدت کی راہ پر گامزن کرنے کے لئے وزیر اعلیٰ مریم نواز اور ان کی ٹیم کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔ پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز شریف اور ان ٹیم کے ساتھ کام کرکے خوشی محسو س کریں گے۔ وفد میں گوگل فار ایجوکیشن کے کرس ہارٹ، حارث سفیان، الائیڈ کارپوریشن کے سی ای او آرون سیتھر جیکسن، آپریشنز لیڈ جنید شہاب، ٹیک ویلی کے سی ای او عمر فاروق، مارکیٹنگ اینڈ کمیونیکیشن لیڈ نشوا ابرار، آؤٹ ریچ اینڈ کوآرڈینیشن منیجر مدیحہ منگول شامل تھے جبکہ صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان اور دیگر حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اقوام متحدہ کے پبلک سروس ڈے پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ آج حکومت کی جانب سے عوامی خدمت کو بہتر بنانے کے عزم کا اعادہ کرنے کا دن ہے۔ عوام کی فلاح وبہبود کیلئے محنت، لگن اور ایمانداری سے کام کرنے والے سرکاری ملازمین کو سلام پیش کرتی ہوں۔ بیواؤں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ ان خواتین کی مشکلات کو سمجھنے کا دن ہے جو خاوند کی وفات کے بعد اکیلے اپنے بچوں کی پرورش کر رہی ہیں۔ باپ کا سایہ نہ ہونے پر اولاد کی پرورش کار دشوار ہے۔ بیوہ خواتین کو با اختیار بنانے کیلئے حکومت اور سول سوسائٹی کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے خانہ کعبہ کے محافظ، کلید بردار ڈاکٹر شیخ عبد الرحمن بن صالح زین العابدین آل شیبی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ مریم نواز شریف نے سوگوار خاندان سے اظہار تعزیت وہمدردی کیا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن