سوات واقعہ، مرکزی ملزم سمیت 23 افراد گرفتار، نامعلوم مقام پر منتقل
سوات (آئی این پی) سوات پولیس نے 3 روز قبل مدین میں مبینہ طور پر قرآن پاک کی بے حرمتی کے الزام میں زیر حراست ملزم کو زندہ جلانے کے واقعہ میں ملوث 23 ملزمان کو گرفتار کر کے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا۔ سوات کے علاقے مدین میں توہین مذہب کے الزام میں مشتعل ہجوم نے سیالکوٹ سے تعلق رکھنے والے ایک سیاح شہری کو قتل کردیا تھا۔ سوات پولیس کے مطابق گرفتار تمام افراد کے نام ایف آئی آر میں شامل ہیں۔ گرفتار کیے جانے والوں میں مرکزی ملزم بھی شامل ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مزید افراد کی گرفتاری کے لئے کارروائی جاری ہے۔ شناخت کیلئے ویڈیوز سے مدد لی جا رہی ہے۔ ملزموں کے خلاف دو مقدمات درج ہیں۔