پنجاب پولیس بہتری، شفافیت ‘ جوابدہی کیلئے عزم کا اعادہ کرتی ہے:آئی جی پنجاب
لاہور(نامہ نگار)انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے اقوام متحدہ کے پبلک سروس ڈے کے موقع پر خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ پنجاب پولیس آج کے دن پبلک سروس ڈلیوری میں بہتری، شفافیت اور جوابدہی کیلئے اپنے عزم کا اعادہ کرتی ہے۔پولیس سٹیشنز، خدمت مراکز ، ٹریفک پولیس اور دیگر دفاتر میں پبلک سروس ڈیلیوری میں مزید بہتری لا رہے ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ شہری پولیسنگ سروسز سے مستفید ہو سکیں ۔ پنجاب پولیس کے پبلک سروس ڈلیوری کے فلیگ شپ پراجیکٹ پولیس خدمت مراکز کارکردگی میں سب سے اول ہیں اور ہر برس لاکھوں شہری ان دفاتر سے مختلف سروسز حاصل کر رہے ہیں۔ گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت صوبہ بھر سے 6900 سے زائد شہریوں نے پولیس خدمت مراکز سے مختلف خدمات حاصل کیں، 2400 سے زائد شہریوں نے پولیس کریکٹر سرٹیفکیٹ حاصل کئے، 2687 شہریوں نے پولیس ویری فکیشن کروائیں، 300 سے زائد شہریوں نے دستاویزات کی گمشدگی رپورٹس جبکہ 400 نے کرایہ داری اندراج کروائے۔ 26 فروری سے جاری خصوصی مہم کے دوران7 لاکھ سے زائد شہریوں نے پولیس خدمت مراکز سے پولیسنگ خدمات حاصل کیں، 2 لاکھ 3 ہزار سے زائد شہریوں نے کریکٹر سرٹیفیکیٹ، 2 لاکھ 83 ہزار شہریوں نے ویریفکیشن کروائیں 23 ہزار سے زائد شہریوں نے گمشدگی رپورٹس جبکہ52 ہزار سے زائد شہریوں نے کرایہ داری اندراج کروائے۔ پنجاب پولیس شہریوں کو خدمات کی آسان ترین فراہمی بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال یقینی بنا رہی ہے۔