• news

خوشحالی کیلئے پڑوسی ممالک سے تجارتی و اقتصادی تعاون کا فروغ ناگزیر ہے:افتخار علی  

لاہور(کامرس رپورٹر ) سارک چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے سابق صدر افتخار علی ملک نے کہا ہے کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار ترقی اور مشترکہ خوشحالی کیلئے پڑوسی ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون کو فروغ دینا ناگزیر ہے۔ گزشتہ روز فیڈریشن آف انجینئرنگ انسٹی ٹیوشنز آف سائوتھ اینڈ سنٹرل ایشیا کے سیکرٹری جنرل انجینئر میاں سلطان محمود آرائیں کی قیادت میں معروف صنعتکاروں کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار علی ملک نے کہا کہ پاکستان کے پاس دیگر ممالک خاص طور پر چھوٹے ممالک کو دینے کیلئے بہے کچھ موجود ہے یہاں تک کہ زراعت میں ڈرون کے استعمال کی ٹیکنالوجی بھی موجود ہے۔ اگر ورلڈ کپ کے میچوں میں پاکستان کا فٹ بال استعمال ہو سکتا ہے تو جنوبی ایشیا میں کیوں نہیں ہو سکتا۔ جنوبی ایشیا 2 ارب آبادی کا خطہ ہے جو دنیا کی آبادی کا ایک چوتھائی ہے۔ یہ یورپی یونین اور آسیان کی طرح تیز رفتار ترقی کی صلاحیت کا حامل ہے۔ اس خطے کے ممالک کے درمیان تجارت کے فروغ سے ہی غربت میں کمی آسکتی ہے۔ بداعتمادی کو ختم کرکے کاروبار میں آسانیاں پیدا کرنے اور ٹرانسپورٹ و ڈیجیٹل کنیکٹیویٹی کو بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ سی پیک تمام جنوبی ایشیائی ممالک کو پاکستان کے راستے وسطی ایشیائی ممالک تک اقتصادی رابطہ فراہم کر سکتا ہے۔ جنوبی ایشیا کے کچھ حصوں میں پاکستان اور افغانستان کے بغیر آپسی تعلقات استوار کرنے کی سوچ ابھر رہی ہے جسے خطے کے وسیع تر مفاد میں روکا جانا چاہیے۔ 

ای پیپر-دی نیشن