• news

 منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 278 چھاپے ‘ 152 ملزم گرفتار  

لاہور(نامہ نگار)وزیر اعلی مریم نواز شریف کی ہدایت پر ڈرگ فری پنجاب مہم کے سلسلہ میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں پولیس ٹیموں کا کریک ڈاؤن جاری ہے ، آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا کہ صوبائی دارالحکومت سمیت تمام اضلاع میں منشیات فروشوں،  ڈیلرز اور اسمگلرز کے ٹھکانوں پر پولیس کریک ڈاؤن میں تیزی لائی گئی ہے، ایک روز میں لاہور سمیت صوبہ بھر میں منشیات فروشوں کے ٹھکانوں پر 278 چھاپے مارے گئے ، مکروہ دھندے میں ملوث 152 ملزمان کو گرفتار جبکہ 150 مقدمات درج کئے گئے ، ملزمان کے قبضہ سے 59 کلو گرام چرس ، 2 کلو ہیروئن اور 1834 لٹرشراب برآمد کی گئی۔ 26 فروری سے جاری اینٹی نارکوٹکس آپریشنز کے دوران پولیس ٹیموں نے صوبہ بھر میں 32 ہزار سے زائد چھاپے مارے، منشیات فروشی میں ملوث 15689 ملزمان کو گرفتار کیا گیا جبکہ 15 ہزار سے زائد مقدمات کا اندراج کیا گیا ، ملزمان کے قبضہ سے 09 ہزار کلو  سے زائد چرس، 157 کلو گرام ہیروئن،267 کلو افیون ، 44 کلوگرام آئس اور 1671389 لٹر شراب بھی برآمد کی گئی۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے آر پی اوز ، ڈی پی اوز کو انسداد منشیات آپریشنز کی خود نگرانی کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ ہاٹ سپاٹ ایریاز اور آن لائن خرید و فروخت میں ملوث ملزمان کے خلاف آپریشنز میں تیزی لائی جائے۔تعلیمی اداروں، ہاسٹلز کے گردونواح میں انٹیلی جنس بیسڈ ٹارگٹڈ آپریشنز میں تیزی لائی جائے، منشیات کی بین الصوبائی اسمگلنگ میں ملوث ملزمان کو دیگر اداروں کے تعاون سے قانون کی گرفت میں لاکر قرار واقعی سزائیں دلوائی جائیں۔

ای پیپر-دی نیشن