لین لائن، زیبراکرسنگ، سٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر ای چالان شروع
لاہور(نامہ نگار)سی ٹی او لاہور عمارہ اطہر نے کہا ہے کہ لین لائن، زیبراکرسنگ، سٹاپ لائن کی خلاف ورزی پر ای چالان شروع کر دیئے گئے ہیں۔سیف سٹیز کیمروں سے خلاف ورزی پر فوری ای چالان شہریوں کے گھروں میں بجھوائے جائیں گے۔ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں میں لین لائن،سٹاپ لائن، زیبراکراسنگ سرفہرست ہیں گذشتہ روز سیف سٹی کیمروں میں 73 ہزار خلاف ورزیاں نوٹ کی گئیں۔جن میں 15 ہزار 281 شہریوں نے جان بوجھ کر ٹریفک سگنلز کی خلاف ورزی کی،12 ہزار گاڑیوں نے اوورسپیڈنگ،3 ہزار شہریوں نے ون وے ٹریفک کی خلاف ورزی کی،41 ہزار سے زائد شہریوں نے لین لائن،سٹاپ لائن ڈسپلن کی خلاف ورزی کی۔رواں سال 7 لاکھ وہیکلز کو لین لائن ڈسپلن کیخلاف ورزی پر چالان ٹکٹس دئیے گئے ۔لین لائن ڈسپلن اور زیبرکراسنگ کی خلاف ورزی پر جرمانوں کو بڑھایا جائیگا۔منظم ٹریفک کے حصول کیلئے لین لائن ڈسپلن انتہائی ضروری ہے۔سڑکوں پر لین لائن اور روڈ مارکنگ کو بھی بہتر بنایا جارہا ہے۔موٹرسائیکلسٹ ہمیشہ انتہائی بائیں لین میں سفر کریں۔ماڈل روڈز پر لین لائن ڈسپلن پر مزید سختی کی جارہی ہے۔