• news

ایران نے سیاحت کے فروغ کیلئے الیکٹرانک ویزا شروع کیا، قونصل جنرل

کراچی (کامرس رپورٹر) کراچی میں ایرانی قونصل خانے کی جانب سے مقامی ہوٹل میں ایران و پاکستان کے بیچ سیاحت کے فروغ کے حوالے سے کانفرنس منعقد ہوئی جس میں روس، ملائیشیا، کویت، جاپان اور بعض دوسرے ممالک کے قونصل جنرلز، صوبائی وزیر توانائی ناصر حسین شاہ، پاکستان کے صف اول کی ٹریول ایجنسیز کے نمایندوں اور میڈیا سے وابستہ افراد نے شرکت کی ۔کراچی میں ایران کے قونصل جنرل حسن نوریان نے میزبان کی حیثیت سے تمام حاضرین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ایران نے سیاحت کے فروغ اور سفر کو مزید آسان بنانے کی غرض سے نہ صرف الیکٹرانک ویزا جاری کرنا شروع کیا بلکہ دو مزید زمینی بارڈر کھولے ہیں جبکہ اس سے قبل پاکستان کے لوگ صرف ایک زمینی بارڈر سے آمد و رفت کر رہے تھے۔ یہ دو بارڈر ریمیدان اور پشین کے علاقوں میں کھولے گئے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایران میں لاتعداد سیاحتی مقامات قابل دید ہیں اور عالمی ادارے یونیسکو نے ایران کے پانچ تاریخی مقامات کو عالمی آثار قدیمہ میں شمار کر لیا ہے جبکہ چند دوسرے مقامات بھی اس حوالے سے زیر غور ہیں۔ایرانی قونصل جنرل نے پراعتماد لہجے میں کہا ایران نے طبی میدان میں بھی خاطرخواہ پیشرفت کی ہے اور اس حوالے سے خطے کے تمام ممالک اور ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعاون کرنے کا خواہاں ہے۔

ای پیپر-دی نیشن