بجٹ میں عوام پر 38کھرب کے ٹیکسز کا اضافی بوجھ ڈال گیا:خرم نواز گنڈا پور
لاہور ( خصوصی نامہ نگار )پاکستان عوامی تحریک کے سیکرٹری جنرل خرم نواز گنڈاپور نے کہا ہے کہ وفاقی بجٹ میں عام آدمی پر 38کھرب روپے ٹیکسوں کا اضافی بوجھ ڈال دیا گیا۔ ملک میں کاروبار ہے نہ روزگارہے یہ بھاری ٹیکس کون دے گا؟ہماری حکومتیں آئی ایم ایف کے قرضوں اور امداد پر کب تک انحصار کرتی رہیں گی؟ دو، تین ارب ڈالر لینے کیلئے پٹرول، ڈیزل، بجلی، گیس اور کھانے پینے کی چیزوں پر ٹیکس لگا کر عوام کا اور کتنا گلا گھونٹا جائے گا؟۔ نوجوان پوچھ رہے ہیں یہ بحران ختم ہوں گے؟ خدا کیلئے 60 فیصد نوجوانوں کے مستقبل سے مزید مت کھیلیں ۔انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری نے ایک دوسرے کو معاف کرنے اور ملک و قوم کے مفاد میں مل بیٹھنے کا جو مشورہ دیا ہے اس پر عمل کرنے سے ہی امید کے دیے روشن ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ جنگ زدہ افغانستان اور سیلاب زدہ بنگلہ دیش پاؤں پر کھڑے ہو گئے ہم امداد اور قرضوں کی بیساکھیوں پر کھڑے ہیں۔