قومی کرکٹرز ماہانہ کتنی تنخواہ وصول کرتے ہیں؟،ٹیم پر تنقیدکا سلسلہ جاری
لاہور(سپورٹس رپورٹر) آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ میں ناقص کارکردگی دکھانے کے بعد قومی کرکٹ ٹیم پر تنقید کا سلسہ جاری ہے جبکہ کپتان بابر اعظم اور محمد رضوان کا سینٹرل کنٹریکٹ کی اے کی کیٹیگری سے باہر ہونے کا خدشہ بھی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹی 20 ورلڈکپ میں بری طرح ناکام ہونیوالی قومی کرکٹ ٹیم کے کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ کے حوالے سے تفصیلات جاری کی ہیں۔ یہ پیشرفت اس وقت سامنے آئی ہے جب پاکستان ٹیم کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں پہلے مرحلے سے باہر ہونے کے بعد پی سی بی کھلاڑیوں کے سینٹرل کنٹریکٹ میں تبدیلیاں کرنے پر غور کر رہا ہے۔ پی سی بی کے موجودہ سینٹرل کنٹریکٹ کی تفصیلات کے مطابق اے کیٹیگری کے کھلاڑی جن میں کپتان بابراعظم، محمد رضوان اور فاسٹ بولر شاہین آفریدی شامل ہیں کو 45 لاکھ روپے ماہانہ ادا کیے جاتے ہیں۔سینٹرل کنٹریکٹ کی بی کیٹیگری میں شامل شاداب خان، فخر زمان، حارث رؤف اور نسیم شاہ کو پی سی بی 30 لاکھ روپے ماہانہ ادا کرتا ہے۔کیٹیگری سی کے کھلاڑیوں کو تقریباً 15 لاکھ روپے کے درمیان معاوضہ دیا جاتا ہے اور ان میں عماد وسیم اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔اس کے علاوہ کیٹیگری ڈی کے کھلاڑیوں کو بھی کیٹیگری سی کے برابر ہی معاوضہ دیا جاتا ہے اور ان میں افتخار احمد، حسن علی، صائم ایوب جیسے کھلاڑی شامل ہیں۔