• news

اسرائیل اور بھارت  کے ہاتھوں جنم لیتا انسانی المیہ

غزہ میں اسرائیلی فوج کی جارحیت کا سلسلہ آٹھ ماہ سے مسلسل جاری ہے اور تازہ حملے میں مزید 47 فلسطینی شہید ہوگئے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے غزہ میں اقوام متحدہ کے امدادی ادارے اونرا کے ایک اور مرکز کو نشانہ بنایا۔ اونرا کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیلی حملے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے۔ہسپتال میں دوران علاج 4 افراد نے دم توڑ دیا جبکہ 6 زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ تاہم اونرا کے ترجمان نے یہ نہیں بتایا کہ اسرائیلی حملے میں جاں بحق ہونے والے اونرا کے ملازمین تھے یا امداد لینے والے فلسطینی تھے۔ عرب میڈیا کے مطابق غرب اردن کے شہر جنین میں اسرائیلی فوج نے ایک کارروائی کے دوران متعدد فلسطینیوں کو شدید زخمی کردیا اور ایک زخمی کو جیپ کے بونٹ پر باندھ کر شہر بھر میں گشت کرایا گیا۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے سے قابض اسرائیلی فوج کی جارحیت دنیا بھر پر آشکار ہوگئی اور صارفین نے اسرائیلی فوج کے اس اقدام کو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ انسانی حقوق کی تنظیموں نے اس اقدام کی مذمت کرتے ہوئے اسرائیلی فوج سے جنگی قوانین اور شہریوں کے حقوق کی پاسداری کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں غزہ میں جنگ کے خلاف احتجاج کرتے ہوئے دو امریکی پائلٹوں نے امریکی فوج کےلئے کام کرنے سے انکار کر دیا۔ پائلٹوں کا موقف ہے کہ جنگی جرائم کے تحت مسخ شدہ بچوں کی ہزاروں ویڈیوز دیکھیں۔ ویڈیوز امریکی عوام کے ضمیر جھنجھوڑ رہی ہیں۔ ایسی انتظامیہ کی خدمت جاری نہیں رکھ سکتے جو امریکی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہی ہے۔ دوسری جانب کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے ضلع بارہ مولا میں سرچ آپریشن کیا اور گھر گھر تلاشی کے نام پر چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا۔ جارحیت پسند بھارتی فوج نے ایک گھر پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 کشمیری نوجوان شہید ہوگئے۔
گزشتہ ماہ مئی میں اسرائیل کے جنگی جنون کو روکنے اور فلسطین کو آزاد اور خودمختار ریاست قرار دینے کیلئے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں بھاری اکثریت سے قرارداد منظور کی گئی جبکہ جنگی جرائم پر اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کیخلاف عالمی عدالت انصاف نے انکے وارنٹ گرفتاری جاری کرنے کا حکم صادر کیا‘ اسکے باوجود اسرائیل اپنی ہٹ دھرمی پر قائم نظر آرہا ہے۔ اسرائیل اب بھی فلسطینی عوام کا قتل عام کر رہا ہے۔ حد تو یہ ہے کہ اقوام متحدہ کا امدادی ادارہ ”اونرا“ بھی اسرائیلی جارحیت سے محفوظ نہیں رہا۔ دوسری جانب امریکی سرپرستی میں بھارت بھی مقبوضہ کشمیر میں دہشت و وحشت کا بازار گرم کئے ہوئے ہے۔ بادی النظر میں اقوام متحدہ اور عالمی عدالت جیسے طاقتور ادارے بھی ان دونوں دہشت گرد ملکوں کے سامنے بے بس نظر آرہے ہیں۔اسرائیلی مظالم پر صرف دو امریکی پائلٹوں کا ضمیر جاگنا کافی نہیں‘ فلسطین میں اسرائیلی اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم پر عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کی ضرورت ہے ورنہ دونوں بدمست جنونیوں کے ہاتھوں عالمی تباہی نوشتہ دیوار ہے۔

ای پیپر-دی نیشن