شاہدرہ کے قریب ٹرین ڈی ریل‘ گگو منڈی میں فرید ایکسپریس حادثے سے بچ گئی
گگو منڈی+ نارنگ منڈی+فیروز والہ (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) چوروں نے ریلوے کی پٹڑی کے ٹی بولٹ اور کلمپ اکھاڑ لئے۔ فرید ایکسپریس حادثہ سے بال بال بچ گئی۔ گزشتہ روز ریلوے کا گینگ میٹ محمد آصف اشرف دوران ڈیوٹی ریلوے پٹڑی کا معائنہ کر رہا تھا کہ بوریوالا کی جانب ریلوے پٹڑی کے 170 کلمپ اور ٹی بولٹ غائب تھے‘ تاہم بروقت پتہ چلنے پر فرید ایکسپریس حادثہ سے بال بال بچ گئی۔ دریں اثناء لاہور سے نارووال جانے والی لاثانی ایکسپریس شاہدرہ کے قریب کوٹ مول چند سٹیشن کے قریب پٹڑی سے اتر گئی۔ مسافروں خصوصاً خواتین اور بچوںنے چیخ و پکار شروع کردی۔ انتظامیہ نے ہزاروں مسافروں کو منزل تک پہنچانے کے لئے کوئی انتظامات نہیں کئے۔ مسافر کئی گھنٹے ویرانے میں دربدر رہے‘ تاہم ریلوے انتظامیہ نے کہا کہ ٹرینوں کی آمدورفت اور معطل ٹریک کو جلد بحال کردیا جائے گا۔