ساہیوال ہسپتال میں آتشزدگی ‘ سرکاری ہسپتالوں کے آوٹ ڈورز بند رہے
لاہور‘ساہیوال( این این آئی‘نمائندہ نوائے وقت) صوبائی وزیر صحت کے انتباہ کے باوجود ینگ ڈاکٹرز اور نرسزکی مطالبات کے حق میں سرکاری ہسپتالوں کے آئوٹ ڈورزمیں ہڑتال10ویں روزبھی جاری رہی جس کی وجہ ہزاروں کی تعداد میں مریض علاج معالجہ کی سہولت نہ ملنے کے باعث مایوس گھروں کو واپس لوٹ گئے ۔بتایا گیا ہے کہ محکمہ صحت کی پولیس و انتظامیہ کی مددسے ہڑتال ختم کرانے کی کوشش بھی کامیاب نہیںہوسکی۔محکمہ صحت نے وائس چانسلرز، پرنسپلز اور ایم ایس صاحبان کوہڑتال ختم کرانے کا ٹاسک سونپا تھا۔سرکاری و ٹیچنگ ہسپتالوں میں سینئر ڈاکٹرز بھی او پی ڈیز میں غائب ہیں۔ینگ ڈاکٹرز کا کہنا ہے کہ جب تک ساہیوال میں ڈاکٹرز اور خانیوال میں نرس کی گرفتاری پر مطالبات پورے نہ ہوئے ہڑتال جاری رکھیں گے۔ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال میں آتشزدگی کامعاملہ ٗڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کی ہڑتال جاری ٗڈاکٹر ز کے استحصال وتذلیل پر وزیراعلیٰ پنجاب معافی مانگیں ٗڈاکٹر ز کامطالبہ۔تفصیلات کے مطابق ساہیوال ٹیچنگ ہسپتال کے چلڈرن وارڈ میں آتشزدگی کے معاملہ میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دورہ ساہیوال کے دوران ڈاکٹرز کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے۔