چھتیں گڑھ میں بھارتی فوج کے ٹرک کو بم سے اڑا دیا گیا،2 کمانڈوز ہلاک
رائے پور(نوائے وقت رپورٹ) بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں نکسل باغیوں کے حملے میں نیم فوجی دستے سینٹرل ریزرو پولیس فورس کی کمانڈو بٹالین کے ٹرک پر دیسی ساختہ بم سے حملہ کیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بم دھماکے میں ہلاک ہونے والے اہلکاروں کی شناخت 29 سالہ شیلندرا اور 35 سالہ وشنو کے ناموں سے ہوئی جو آر یس سی آر پی ایف کمانڈو بٹالین فار ریزولوٹ ایکشن کوبرا کی 201 ویں بٹالین کا حصہ تھے۔ بھارتی خبر رساں ادارے ’’پی ٹی آئی‘‘ کے مطابق نکسلیوں نے ٹرک کو دیسی ساختہ بم سے نشانہ بنایا۔ فوجی ٹرک مکمل طور پر تباہ ہوگیا اور اس میں آگ بھڑک اْٹھی۔ نکسالی باغی بھارتی فوج کا اسلحہ بھی ساتھ لے گئے۔ فوجی ٹرک پر بم دھماکے کی اطلاع ملتے ہی مزید نفری کو طلب کرلیا گیا۔ حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن شروع کردیا گیا تاہم اب تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جا سکی۔ یاد رہے کہ بھارتی ریاست چھتیس گڑھ میں نکسل جنگجو بھارت سے آزادی کے لیے مسلح جدوجہد کر رہے ہیں اور مقامی وسائل سے دارالحکومت کو فائدہ پہنچانے کے بجائے اسی علاقے میں تعمیر و ترقی کا مطالبہ کرتے ہیں۔